فنڈز کا بے دریغ استعمال، ناقص میٹریل، سیوریج نظام پھر حادثے کا شکار ہونیکا خطرہ

فنڈز کا بے دریغ استعمال، ناقص میٹریل، سیوریج نظام پھر حادثے کا شکار ہونیکا خطرہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)انتظامیہ کی جانب سے ڈنک ٹپاؤ پالیسی اور ناقص حکمت عملی کے باعث شہر کے سیوریج کا فرسودہ نظام پھرسے ایک بڑے حادثے،سانحہ کا سبب بن سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق آٹھ روز قبل نہر لوئر جہلم سے گزرنے والی سیوریج کی مین پائپ لائن پھٹنے کے بعد سلانوالی روڈ اور حامد علی شاہ روڈ پر سیوریج کی لائنیں اور سڑکیں بیٹھ جانے کے بعد انتظامیہ ڈنک ٹپاؤ پالیسی پر عمل پیرا ہے ، لائنو ں کے مرمتی کاموں میں جہاں فنڈز کا بے دریغ استعمال کر کے نقصان پہنچایا جا رہا ہے وہاں ناقص میٹریل کے استعمال کی بھی شکایات موصول ہوئی ہیں، سلانوالی روڈ کے مکینوں نے بتایا کہ چرچ کے سامنے سڑک بیٹھنے کے بعد مین پائپ لائن جس جگہ سے پھٹی تھی اس جگہ ایک بڑا مین ہول بنایا جا رہا جس کے نیچے نہ تو بیس درست ڈالی گئی اور نہ ہی میٹریل خالص استعمال کیا جا رہا ہے اسی طرح حامد علی شاہ روڈ پر بیٹھنے والی لائن کی مرمت یہ کہہ کر چھوڑ دی گئی کہ لائن پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے خراب ہوئی ، اب پانی کا بہاؤ نارمل ہے اسلئے اب کوئی خطرہ نہیں تاہم اہل علاقہ نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے یہی نہیں حالیہ دنوں کے دوران سیوریج نظام کی بدترین بندش کی وجہ سے لاری اڈا روڈ، واٹر سپلائی روڈ، عید گاہ روڈ ،ڈگری گرلز کالج روڈ اور مشن سکول روڈ والی لائنوں کو بھی خطرات لاحق ہو گئے ہیں مگر انتظامیہ بالخصوص کارپوریشن افسران حسب سابق ڈنک ٹپاؤ پالیسی اپنا کر حکام بالا کے آتے جلد از جلد سرخرو ہونے کیلئے کوشاں ہیں شہریوں نے وزیر اعلیٰ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں