سبزیاں، پھل، دالیں اور گھی مہنگے فروخت
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودھا میں اشیاء خورونوش کے نرخوں کو اعتدال پر لانے اورمستقل چیک اینڈ بیلنس کیلئے جاری احکامات پر عملدرآمد نہ ہو سکا، اور اشیاء خور ونوش کے ریٹ کنٹرول کرنے کے اعلانات کاغذی کاروائی ثابت ہورہے ہیں۔
اعلی سطحی اجلاس کے بعد گرانفروشی کی روک تھام کیلئے مستقل بنیادوں پر مہم جاری رکھنے کے احکامات جاری کرنا تو معمول بنا ہوا ہے تاہم ان پر کہیں بھی عملدرآمد دیکھنے میں نہیں آرہا جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں اشیاء کے مختلف نرخ وصول کئے جا رہے ہیں، سبزیوں،دالوں، گھی ، اور پھلوں کی قیمتیں بدستور آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، روزانہ کی بنیادوں پر اشیاء خوردونوش میں اضافہ پر غریب اور دیہاڑی دار طبقہ پس کر رہا گیا اور مڈل مین طبقہ بھی سخت مشکلات سے دوچار ہے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ صرف ڈسٹری بیوٹرز اور کمیشن ایجنٹوں سے ریٹ حاصل کر کے سرکاری نرخ مقرر کئے جاتے ہیں، ضلعی انتظامیہ صوبائی حکام کو رام کرنے کیلئے کاغذی کاروائی کر کے انہیں تو مطمئن کررہی ہے مگر عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نوٹس لیں۔