تعلیمی اداروں،ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات نہ ہونیکاسخت نوٹس

 تعلیمی اداروں،ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات نہ ہونیکاسخت نوٹس

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا کا نجی تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات نہ ہونے پر سخت نوٹس لے لیا، ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن مقررکر دی گئی، تفصیلات کے مطابق کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اجلاس میں نجی تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں میں فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی۔

کمشنر نے واضح ہدایت کی کہ چاروں اضلاع میں قائم تمام اسکولوں، کالجز اور نجی ہسپتالوں کا فوری اور مکمل فائر سیفٹی آڈٹ کیا جائے ۔کمشنر نے ہدایت کی کہ ایجوکیشن افسران اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز مل کر تمام تعلیمی اداروں کا مشترکہ معائنہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر ادارے میں آگ سے بچاؤ کے مکمل انتظامات موجود ہوں۔ اس میں فائر فائٹنگ آلات، ایمرجنسی راستے ، فائر الارم سسٹم اور تربیت یافتہ عملے کی موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے ۔کمشنر سرگودھا نے سیکرٹری تعلیمی بورڈ کو بھی ہدایت کی کہ تمام رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کی فوری چیکنگ مکمل کی جائے ۔

 

اور جہاں فائر سیفٹی انتظامات نہیں ہیں وہاں فوری طور پر اصلاحی اقدامات کروائے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غفلت برتنے والے اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اسی طرح سی ای او ہیلتھ کو ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے ساتھ مل کر نجی ہسپتالوں کی جانچ پڑتال کی ہدایت کی گئی۔ کمشنر نے کہا کہ مریضوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ہسپتالوں میں فائر ایگزٹ، ایمرجنسی آلات اور عملے کی ٹریننگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ، اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ریونیو و جنرل)، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز، محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، میونسپل اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں