کندیاں ریلوے پریم یونین کی مطالبات کے حق میں ریلی
پنشنرز کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں ، مقررین
میانوالی‘کندیاں (نامہ نگار‘نمائندہ دنیا‘ کندیا ں ریلوے پریم یونین کا احتجاجی ریلی و جلسہ، بجٹ 2026میں ملازمین کے لیے خصوصی پیکج کا مطالبہ کر دیا ۔ لوکوشیڈ کندیاں میں ریلوے پریم یونین کے زیر اہتمام بجٹ 2026 میں ریلوے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے ، خصوصی پیکج اور دیگر مراعات کی فراہمی کے مطالبے کے لیے احتجاجی ریلی اور جلسے کا انعقاد کیا گیاجلسے سے خطاب کرتے ہوئے ریلوے پریم یونین کیرج سٹاف کے صدر ملک مہتاب کندی، مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر ملک اکرام کندی اور دیگر مقررین نے کہا کہ مہنگائی کی مسلسل بڑھتی ہوئی لہر نے غریب مزدور طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کم تنخواہوں میں ملازمین کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے مقررین نے کہا کہ حکومت بجٹ آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق تو پیش کرتی ہے لیکن وزراء اور مشیروں کی مراعات میں اضافے پر کبھی کوئی قدغن نظر نہیں آتی جبکہ مالی بوجھ ہمیشہ غریب اور چھوٹے ملازمین پر ڈالا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ 37 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ لینے والا ملازم موجودہ حالات میں اپنے خاندان کا گزر بسر کیسے کرے انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ریلوے میں اپنی پوری زندگی خدمات انجام دینے والے ریٹائرڈ ملازمین کو بھی پنشن اور دیگر واجبات کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے جس سے ان میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے مقررین نے وزیراعظم میاں شہباز شریف سے اپیل کی کہ ریلوے ملازمین اور پنشنرز کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ محنت کش طبقے کو ریلیف مل سکے اور محکمہ ریلوے کی کارکردگی مزید بہتر بنائی جا سکے۔ جلسے میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض غلام شبیر حسین سیالوی نے انجام دیے ، جبکہ ریلوے ملازمین اور یونین کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔