سعودی عرب کی سلامتی کو خطرے پر بھرپور ردعمل دیں گے: پاکستان

پاکستان اپنے دوست ملک سعودی عرب اور خلیجی ممالک کی سالمیت کو ترجیح دیتا ہے۔ سعودی عرب کی علاقائی سلامتی کو خطرے کی صورت میں بھرپور ردعمل دیں گے، پاکستان کا فیصلہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد نواز شریف کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ اجلاس میں پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ شریک تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سعودی عرب کی علاقائی سلامتی کو خطرے کی صورت میں پاکستان بھرپور ردعمل دے گا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف اور سرتاج عزیز کل سعودی عرب جائیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے دوست ملک سعودی عرب اور خلیجی ممالک کی سالمیت کو ترجیح دیتا ہے۔ خیال رہے کہ دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب نے یمن میں جاری بحران پر قابو پانے کیلئے پاکستان سے تعاون کیلئے رابطہ کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے یمنی باغیوں کے خلاف اتحاد کا حصہ بننے کی درخواست کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں پاکستانیوں کو موجودہ صورتحال کے تناظر میں چوکس کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی مشن سے کہا گیا ہے کہ حالات مزید خراب ہونے کی صورت میں پاکستانی برادری کے انخلاء کیلئے تیار رہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں