حیدر آباد: (دنیا نیوز) ن لیگ اور پی پی پی میں سیاسی رسہ کشی جاری ہے۔ گزشتہ روز چودھری نثار نے بیان داغے تو آج مولا بخش چانڈیو جواب دینے آ گئے، حیدر آباد میں پریس کانفرنس کے دوران خوب طیش دکھائے، سوالات بھی اٹھائے، کہتے ہیں، چودھری نثار بتائیں انہوں نے کون سے سیاسی مخالفین کی دُم دیکھ لی ہے۔ صوبائی مشیر کا کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان کا نام سن کر ن لیگی وزراء کا چہرہ ہی بدل جاتا ہے، ایک وزیر صاحب جب بھی سندھ آتے ہیں، آگ ہی لگاتے ہیں، وہ وزیر اعظم کے وفادار ہیں نہ ہی پاکستان کے۔ مولا بخش چانڈیو کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف نت نئی سازشیں ہوتی ہیں، جب کچھ نہ ملے تو ایان علی کو کھڑا کر دیا جاتا ہے، ایسا کرنے والے یاد رکھیں پی پی پی کو کمزور کرنا وفاق کو کمزور کرنا ہے۔ مشیر اطلاعات سندھ کا مزید کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ سندھ کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا نوٹس لے۔ دوسری جانب مسلم لیگ نون کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ جہاں کرپشن ہو گی، چوہدری نثار اس دم پر پاؤں ضرور رکھیں گے، موجودہ وزراء گزشتہ دور کے وزراء کی طرح حاجیوں کی جیبیں نہیں کاٹ رہے، دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پتہ نہیں مولا بخش چانڈیو چودھری نثار کی بیان کردہ دم کو اپنی دم کیوں سمجھ بیٹھے ہیں۔