اقلیتوں کو پاکستان میں برابری کے حقوق دیں گے :بلاول بھٹو

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سندھ حکومت نے ہندو میرج ایکٹ منظور کروایا گیا :چیئرمین پیپلز پارٹی کا عمر کوٹ میں ہولی کی تقریب سے خطاب

عمر کوٹ (دنیا نیوز ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں ، برابری ، عورتوں اور اقلیتوں کے حقوق کے بات کرتے ہیں ، پسے ہوئے طبقات کی بات کرتے ہیں ۔ عمر کوٹ میں ہولی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں سندھ حکومت نے اسمبلی میں ہندو میرج ایکٹ منظور کروایا ہے ، یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ ایسا بل منظور ہوا ہو ، اس سے پہلے کسی حکومت میں ایسی جرآت نہیں تھی کہ وہ ایسا کام کرے ، آج بے نظیر بھٹو شہید کے بیٹے نے ہندوئوں کو قانونی تحفظ دیا ، یہ کافی نہیں ہے ہم آپ کو مزید مضبوط کریں گے اور آپ کو برابر کے شہری کا درجہ دلائیں گے ۔ ہم نے ہولی کے تہوار پر عام تعطیل کا اعلان کیا ، ہم اقلیتوں کو برابری کے حقوق دلوائیں گے ، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے کہ اقلیتوں کا پاکستان الگ ہو اور مسلمانوں کا پاکستان الگ ہو ، امیر اور غریب کیلئے الگ الگ پاکستان ہو ، ہم سب کیلئے ایک جیسا پاکستان چاہتے ہیں ، یہ ملک سب کا ملک ہے ، ہم نے اس ملک میں عورت کو عزت دی ، اس کو اس کا اصل مقام دلانے کیلئے کوشش کی ۔ میری اس ملک میں رہنے والی اقلیتوں سے اپیل ہے کہ اس ملک کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں ، میری پاکستان کی خواتین سے اپیل ہے کہ وہ آگے آئیں اور میرا ساتھ دیں ، انہوں نے کہا کہ کوئی بھی تحریک اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتی جب تک اس میں مرد اور عورت ایک ساتھ شانہ بشانہ کام نہیں کرتے ۔ پاکستان کی تاریخ بتاتی ہے کہ محمد علی جناح کو قائد اعظم بنانے میں سب سے بڑا کردار فاطمہ جناح کا تھا ، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے بغیر پاکستان نامکمل ہوتا ۔ ، میں اپیل کرتا ہوں کہ میری تمام بہنیں میرے ساتھ کھڑی ہوجائیں تاکہ اس ملک کی تقدیر کو بدلا جاسکے ۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا ، ان غریبوں نے ہی پاکستان کی حالت بدلی ، آج پھر انہی غریبوں کو آگے آ کر پاکستان کی حالت بدلنا ہوگی ، میں وعدہ کرتا ہوں کہ کبھی آپ کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا ، آپ سب کو آپ کے حقوق واپس دلائوں گا ۔ میں آپ سب کی جنگ ایسے لڑوں گا جیسے میری والدہ نے لڑی تھی ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس علاقے میں گیس نہیں ہے ، بنیادی سہولیات کی کمی ہے ، آج بھی چولہا جلانے کیلئے لکڑیاں جلائی جا رہی ہیں ۔ وفاقی حکومت کو معلوم ہونا چاہیئے کہ اس صوبے سے سب سے زیادہ گیس پیدا ہو رہی ہے اور اس پر سب سے زیادہ حق یہاں کے عوام کا ہے ، میں حکومت کو کہتا ہوں کہ عمر کوٹ کو جلد از جلد گیس فراہم کی جائے ورنہ میں یہاں کے عوام کے ساتھ خود احتجاج کروں گا ، انہوں نے کہا کہ وہ 26 مارچ کو جنوبی پنجاب کے دورے پر روانہ ہو رہا ہوں ، میں یقین دلاتا ہوں کہ شہید بی بی نے جو آپ سے وعدے کئے تھے اس کا بیٹا ان وعدوں کو پورا کرنے کیلئے میدان میں آ گیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں