تربت میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے مزید 5 افراد گجرات میں سپرد خاک

تربت میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے مزید 5 افراد کو گجرات میں سپرد خاک کر دیا گیا، لاشیں پہنچنے پر کہرام مچ گیا، فضاء سوگوار رہی۔

گجرات: (دنیا نیوز) سہانا مستقبل ڈھونڈتے ڈھونڈتے 5 مزید افراد موت کی وادی میں اتر گئے اور اپنوں کو عمر بھر کا روگ دے گئے۔ دہشتگردی کا نشانہ بننے والے مزید پانچ افراد کی میتیں گجرات کے آبائی علاقوں میں پہنچیں تو اہلخانہ پر غم کے پہاڑ ٹوٹ پڑے۔ ہر آنکھ اشکبار ہے۔ فضاء سوگوار ہے اور ہر دل اداس ہے۔ قاسم، دانش اور ثاقب آبائی گاؤں کھوڑی رسول پور میں منوں مٹی تلے جا سوئے ہیں۔ تینوں نوجوانوں کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ اس موقع پر پورا علاقہ امڈ آیا۔ بدر منیر کو آبائی گاؤں کسوکی جبکہ عثمان قادر کو ملک پور میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس سے پہلے بدقسمت نوجوانوں کی میتیں سی ون تھرٹی کے ذریعے تربت سے کراچی پہنچائی گئی تھیں جہاں سے انہیں خصوصی طیارے پر لاہور منتقل کیا گیا تھا۔  

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں