حلف نہ اٹھانے کے باوجود کلثوم نواز ایم این اے رہ سکتی ہیں: الیکشن کمیشن

آرٹیکل 65 کے تحت رکن کے ایوان میں بیٹھنے یا ووٹ دینے کیلئے حلف ضروری ہے، منتخب رکن کے حلف کیلئے وقت کی کوئی پابندی نہیں: ای سی پی کا پی ٹی آئی کو جواب

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے اعتراض کا جواب دے دیا اور واضح کیا ہے کہ حلقہ این اے 120 سے منتخب کلثوم نواز حلف نہ اٹھانے کے باوجود رکن قومی اسمبلی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو جوابی خط میں لکھا ہے کہ آرٹیکل 65 کے تحت رکن کے ایوان میں بیٹھنے یا ووٹ دینے کیلئے حلف ضروری ہے، آئین اور قانون میں منتخب ہونے کے بعد حلف اٹھانے کی کوئی ڈیڈ لائن نہیں۔

یہ خبربھی پڑھیں:این اے 120 کے ضمنی الیکشن میں کلثوم نواز نے میدان مار لیا

خیال رہے بیگم کلثوم نواز کے قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف نہ اٹھانے کے معاملے پر تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا۔ ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کے نام تحریر خط میں لکھا گیا کہ کلثوم نواز کی کامیابی اور نوٹیفیکیشن کے اجراء کے بعد سے اب تک تین بار قومی اسمبلی کا اجلاس ہوچکا تا ہم کلثوم نواز نےعہدے کا حلف نہیں اٹھایا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن منتخب رکن کی جانب سے حلف نہ اٹھانے کی وجوہات جاننے کیلئے کلثوم نواز سے وضاحت مانگے۔

یہ خبر بھی پڑھیں:انتخابی مہم بہت دیر سے شروع کی: عمران خان

یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز 7 ستمبر کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی تھیں تاہم علالت کے باعث لندن میں زیر علاج ہونے کی وجہ سے انہوں نے تاحال قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف نہیں اٹھایا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں