Published on:21 January, 2019

سانحہ ساہیوال پر اجلاس، افسران اطمینان بخش جواب نہ دے سکے

لاہور: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق سانحہ ساہیوال پر وزیراعلیٰ پنجاب کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں شریک افسران اطمینان بخش جواب نہ دے سکے، سردار عثمان بزدار نے سرزنش کرتے ہوئے ملوث اہلکاروں کو قرار واقعی سزا دینے کا حکم دیدیا۔

پنجاب سول سیکرٹریٹ میں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سی ٹی ڈی پولیس اور سپیشل برانچ سمیت انتظامی افسران نے شرکت کی۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق افسران سانحہ ساہیوال کے متعلق اطمینان بخش جواب نہ دے سکے۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے اہم ترین معلومات پر آپریشن کیا مگر عام شہریوں کی حفاظت کیلئے اقدامات نہ کیے۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے مشکوک کار کو نہ تو رکنے کا اشارہ کیا اور نہ ہی بچوں اور خواتین کی موجودگی چیک کی۔ حفاظتی تدابیر اور پروٹوکول پر عملدرآمد سے بڑے نقصان سے بچا جا سکتا تھا۔ ذرائع کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں کی جلد بازی کی وجہ سے معصوم جانیں بھی ضائع ہوئیں۔

سردار عثمان بزدار نے اجلاس میں افسران کو عوامی تحفظ یقینی بنانے کی تنبیہ کیساتھ ساتھ سانحہ ساہیوال کے حوالے سے ان کی سرزنش بھی کی۔ انہوں نے شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کرنے اور انھیں قرار واقعی سزا دینے کا حکم دیا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں