Published on:25 June, 2019

نندی پور ریفرنس: بابر اعوان بری، پرویز اشرف کی درخواست ضمانت مسترد

لاہور: (دنیا نیوز) نندی پور ریفرنس میں احتساب عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کو بری کر دیا جبکہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی بریت کی درخواست مسترد کر دی۔

احتساب عدالت میں دائر کردہ ریفرنس میں ملزمان پر نندی پور منصوبے میں تاخیر کر کے قومی خزانے کو 27 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام تھا۔ عدالت نے وزارت قانون اور پانی و بجلی کے افسران شمائلہ محمود، ریاض کیانی اور ڈاکٹر ریاض کی درخواستیں منظور کیں۔

تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان اور سابق وزیراعظم پرویز اشرف سمیت 5 ملزمان نے نندی پور کیس میں ٹرائل سے قبل بری کرنے کی استدعا کی تھی تاہم عدالت نے بابر اعوان کی درخواست ضمانت منظور اور پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم پرویز اشرف کی درخواست مسترد کر دی۔

نندی پور ریفرنس سے بریت کے بعد بابر اعوان کی وفاقی کابینہ میں واپسی کی راہ ہموار ہو گئی ہے، ان کے قلمدان کا فیصلہ وزیراعظم خود کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ بابر اعوان کو وزارت اطلاعات کی ذمہ داری ملنے کا امکان ہے، قبل ازیں بابر اعوان کو وزیراعظم عمران خان نے مشیر برائے پارلیمانی امور لگایا تھا تاہم نندی پور ریفرنس دائر ہونے پر بابر اعوان نے رضا کارانہ طور پر استعفیٰ دے دیا تھا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں