داعش نے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال شروع کردیا سربراہ امریکی سی آئی اے

داعش  نے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال شروع کردیا سربراہ امریکی سی آئی اے

شدت پسند گروہ نے کئی مواقع پر یہ ہتھیار استعمال کیے ، جان برینن،پورے ملک پر ہمارا کنٹرول ہوجائیگا، بشار الاسد

شامی صدر کو بہت بڑی غلط فہمی ہوگئی ، امریکا، ترکی اور سعودی عرب شام میں زمینی کارروائیاں کرسکتے ہیں، ترک وزیر خارجہ واشنگٹن + دمشق ( خبر ایجنسیاں ) امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان برینن نے کہا ہے کہ شام میں داعش کے جنگجوؤں نے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال شروع کردیا ہے ، امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے کہاکہ اس شدت پسند گروہ نے جنگ کے دوران کئی مواقع پر یہ مہلک ہتھیار استعمال کیے ، وہ قلیل مقدار میں کلورین اور مسٹرڈ گیس بنانے کی صلاحیت حاصل کرچکی ہے ، یاد رہے کہ 2013 میں بھی شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے شواہد ملے تھے ، تاہم عالمی برادری نے شامی حکومت کو اسکا ذمے دار قراردیا تھا،دمشق میں شامی صدر بشار الاسد نے دعویٰ کیا ہے کہ میں پورے ملک پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرلونگا، لیکن اس میں وقت لگ سکتا ہے ، اس کا سبب علاقائی طاقتوں کی مداخلت ہے ، مسئلے کے حل میں تاخیر کی بھاری قیمت چکانا ہوگی، دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے بشارالاسد کے اس دعوے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ وہ بہت بڑی غلط فہمی میں مبتلا ہوچکے ہیں، وہ فوجی طاقت کے ذریعے شام کا مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں جو کسی صورت بھی ممکن نہیں ہے ، سعودی عرب اور ترکی شام میں داعش کیخلاف زمینی کارروائیاں کر سکتے ہیں، استنبول میں ترک وزیر خارجہ میولت کائوسوگلو نے کہا کہ سعودی عرب اور ترکی شام میں داعش کیخلاف زمینی کارروائیاں کر سکتے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں