پاک بھارت جنگ میں8طیارے مارگرائے گئے:ٹرمپ کا نیا دعویٰ
ٹیرف کی مدد سے دو ایٹمی مما لک کی جنگ روکی ،8ماہ میں کئی معاشی معاہدے ،8جنگیں رکوائیں:امریکی صدر امریکا میں شٹ ڈاؤن ، فضائی نظام متاثر، پروازیں منسوخ، ٹرمپ کا وزن کم کرنیوالی ادویات سستی کرنیکا اعلان
واشنگٹن(دنیا مانیٹرنگ،اے ایف پی)امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوانے کا نیا دعویٰ کرتے ہوئے کہا مئی میں ہونے والی جنگ کے دوران آٹھ طیارے مار گرائے گئے ۔ میامی میں امریکی بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا اپنے دوسرے دور صدارت کے ابتدائی آٹھ ، نو ماہ کے دوران انہوں نے نہ صرف متعدد معاشی معاہدے کیے بلکہ آٹھ جنگیں بھی رکوائیں،ٹیرف کی مدد سے دو ایٹمی مما لک کی جنگ روکی۔پاکستان اور بھارت کے مابین فوجی جھڑپوں کے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب پاکستان اور بھارت کے درمیان لڑائی شروع ہوئی تو اس وقت وہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرنے والے تھے ۔پھر میں نے ایک اخبار کے فرنٹ پیج پر پڑھا، میں اس اخبار کا نام نہیں لینا چاہوں گا کیونکہ اس میں اکثر فیک نیوز ہوتی ہیں، سات طیارے مار گرائے گئے تھے ، آٹھویں کو بہت بری طرح سے نقصان پہنچا ۔ مگر آٹھ طیارے مار گرائے گئے تھے ۔تاہم امریکی صدر نے یہ واضح نہیں کیا کہ لڑائی کے دوران کس ملک کے کتنے طیاروں کا نقصان ہوا تھا۔
علاوہ ازیں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا دوا ساز کمپنیز ایلی للی اور نووو نورڈیسک نے مشہور وزن کم کرنے والی ادویات’’ جی ایل پی ون‘‘ سستے داموں فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ادھر امریکامیں سرکاری شٹ ڈاؤن کے باعث فضائی نظام بری طرح متاثر ہونے لگا ۔ وفاقی حکام نے آج جمعہ سے 40 بڑے شہروں میں پروازوں میں 10 فیصد کمی کا حکم دیا ہے ۔ گزشتہ ہفتے 10 ہزار سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔