نگران وزیراعظم سے آرمی چیف کی 2ملاقاتیں میر ہزار کھوسو صدر سے بھی ملے

نگران وزیراعظم سے آرمی چیف کی 2ملاقاتیں میر ہزار کھوسو صدر سے بھی ملے

حساس علاقوں میں فوج فراہم کرنے پرتبادلہ خیال،جنرل کیانی نے تعاون کا یقین دلایا

اسلام آباد(اے این این/اے پی پی /مانیٹرنگ ڈیسک )چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے وطن واپسی پرنگران وزیر اعظم سے دومرتبہ ملاقات کی ،آئندہ انتخابات سمیت ملک میں امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔نگران وزیر اعظم اور جنرل کیانی کی ملاقات میں آئندہ انتخابات کے دوران قیام امن کے معاملات بھی زیر غور آئے ، پاک فوج کے سربراہ نے الیکشن میں مکمل تعاون اور حساس علاقوں میں فوج کی سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ آرمی چیف نے نگران وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد بھی پیش کی ۔جنرل اشفاق پرویز کیانی نے نگران وزیر اعظم کو اپنے دورہ اردن اور وہاں ہونے والی اہم ملاقاتوں کی تفصیلات سے بھی آگا ہ کیا۔ نگران وزیر اعظم اور جنرل کیانی کی ملاقاتیں بڑے خوشگوار ماحول میں ہو ئیں اور جنرل کیانی نے انھیں انتخابات کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے ۔ آرمی چیف سے ملاقات کے بعد صدر آصف زرداری سے نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے ملاقات کی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال اور نگران کابینہ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔صدر سے گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے بھی ملاقات کی جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال اور دیگر معاملات، خاص طور پر نگران حکومت کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ادھر وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے توانائی کی موجودہ صورتحال کے بارے میں وزارت پانی وبجلی کی طرف سے دی گئی بریفنگ کے دوران بلوچستان کے لوگوں کی طرف سے بجلی کی بہت زیادہ لوڈ شیڈنگ کی شکایات کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری پانی وبجلی اور چیئرمین واپڈا کو ہدایت کی کہ بلوچستان کا دورہ کریں اور وہاں کے لوگوں کی شکایات دور کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں۔ وزیراعظم کو بجلی کی پیداوار اور تقسیم سمیت پورے نظام اور ملک میں لوڈشیڈنگ کم کرنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزارت پانی وبجلی نے بجلی کی پیداوار کی موجودہ صورتحال، طلب اور رسد اور ریکوری کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ صارفین کو درست بجلی بل بھیجے جانے چاہئیں جس سے اس ضمن میں عام آدمی کی شکایات دور ہوں گی۔دریں اثناء باخبرذرائع کے مطابق صدر زرداری اور نگران وزیر اعظم میر ہزار خان کی ملاقات میں اصولی فیصلہ کیا گیا ہے کہ نگران کابینہ کا حجم ممکنہ حد تک مختصر رکھا جائیگا اور اس میں اچھی شہرت کے حامل ماہر اور تجربہ کار شخصیات کو شامل کیا جائیگا جو صوبائی حکومتوں کیساتھ بھی بہتر باہمی روابط قائم کر سکیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کابینہ میں غیر سیاسی افراد کی شمولیت کو ترجیح دی جائیگی۔ آرمی چیف ملاقات

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں