مخالفین کی دُم پرپاؤں آیاتو میرے خلاف محاذکھڑاکردیا:نثار

 مخالفین کی دُم پرپاؤں آیاتو میرے خلاف محاذکھڑاکردیا:نثار

داعش اپنی اصل شکل میں موجودنہیں،چندگروپ اسکانام استعمال کررہے ہیں: گفتگو

اسلام آباد، کلر سیداں(سیاسی رپورٹر،دنیا نیوز، نمائندہ دنیا)وزیر داخلہ چودھری نثارعلی خان کا کہنا ہے کہ ایک پارٹی ایسی ہے جس نے 5سال اپنا دور حکومت سو کر گزارالیکن اب سب سے زیادہ تنقیدبھی وہی کرتی ہے۔ عمران فاروق قتل کیس تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے لیکن مخالفین کی دم پر پاؤں آیا تو انہوں نے میرے خلاف محاذ کھڑا کردیا، ‘داعش’ اپنی اصل شکل میں پاکستان میں موجود نہیں بلکہ دہشتگردی میں ملوث پرانی تنظیمیں ہی اسکا نام لیکر کارروائیاں کررہی ہیں۔ راولپنڈی کے نواحی علاقہ کلرسیداں میں ریسکیو1122کی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنے حریفوں پرکڑی تنقید کی اورکہا کہ ‘باتیں بنانیوالوں کے دور میں ہرروز دھماکے ہوتے تھے ، 2013ئمیں روزانہ 5 سے 7 دھماکے ہوتے تھے مگرآج ہفتے ،مہینے گزر جاتے ہیں لیکن کوئی دھماکہ نہیں ہوتا، پاکستان میں مخلص ہوکر کام کرنیوالوں کیلئے رکاوٹیں ہی رکاوٹیں ہیں،ناک اور منہ چڑھا کر منفی تنقید کرنیوالے پسندیدہ بن جاتے ہیں،الزام تراشی کرنے اور انگلیاں اٹھانیوالے دشمن کے عزائم کو مضبوط کرتے ہیں،جب کوئی واقعہ ہوتا ہے توکچھ لوگ حکومت کے بجائے میرے خلاف بولتے ہیں تاہم مجھے ایسے لوگوں کی مخالفت کی کوئی پرواہ نہیں،بے جا تنقید کرنے والوں کو مشورہ ہے کہ وہ دہشتگردی پر پوائنٹ سکورنگ سے باز رہیں’۔وزیرداخلہ کاکہناتھاکہ داعش ایک عربی تنظیم ہے جو مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ تک ہی محدود ہے تاہم پاکستان میں مختلف گروپ اسکانام استعمال کرتے ہیں،فوج کی قربانیوں کے نتیجہ میں قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ جیت رہی ہے لیکن ہمیں نفسیاتی جنگ بھی جیتنا ہوگی اوراس کیلئے قوم کومتحدرہنا ہوگاجبکہ میڈیا کوبھی متحرک کرنا ہو گا۔ چودھری نثار کے مطابق وہ شواہد اور تحقیق کی بنیاد پر یہ بات کہہ رہے ہیں کہ مدارس دہشتگردی کو پھیلانے کا باعث نہیں بلکہ روکنے کا ذریعہ ہیں جبکہ تمام مدارس دہشتگردی میں ملوث بھی نہیں،مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے اتفاق ہوچکا ہے جس کااعلان جلدہوگاجبکہ علماء سے ملکر دہشتگردی کیخلاف انسدادی بیانیہ بھی ترتیب دے رہے ہیں،آئندہ چندروز میں وفاق المدارس کا ایک اہم اجلاس بلایا جائیگا جس میں وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو بھی شرکت کی دعوت دی جائیگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں