جرگے نے غریب لڑکی کی آبرو کی قیمت 30من گندم مقرر کردی

جرگے نے غریب لڑکی کی آبرو کی قیمت 30من گندم مقرر کردی

ملزم کو ہاری کا ایک لاکھ 30ہزار کا قرض معاف کرنے ، پولیس کو چائے پانی دینے کا پابند کیا گیا متاثرہ خاندان کا جرگے کا فیصلہ ماننے سے انکار، بااثر افراد نے گاؤں سے نکال دیا، پولیس تماشائی

سامارو (نمائندہ دنیا) ضلع عمرکوٹ کے علاقے سامارو دیہی جرگے نے 30من گندم کے عوض محنت کش کی بیٹی کی عزت کا سودا کر دیا۔ چند روز قبل 14سالہ رانی شیخ سے اجتماعی زیادتی کی گئی تھی۔ سماجی رہنماؤں کے شدید احتجاج کے بعد مقامی وڈیروں کی سرپرستی میں جرگہ منعقد کیا گیا۔ جرگے نے لڑکی کی عزت کی قیمت 30من گندم طے کی۔ ملزم وڈیرے کو غریب ہاری کا ایک لاکھ 30 ہزار روپے کا قرضہ معاف کرنے اور پولیس کو چائے پانی کی رقم دینے کا بھی پابند کیا گیا۔ با اثرملزمان 30 من گندم کی قیمت 26 ہزار روپے لے کر متاثرہ لڑکی کے گھر پہنچے ، تو اس کے ورثاء نے جرگے کا فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا۔ اس پر با اثر افراد نے انہیں گاؤں سے نکال دیا۔ متاثرہ خاندان اب کھلے آسمان تلے پڑا ہے ۔ ملزمان کے خوف سے ان کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے ۔ ڈی آئی جی کے نوٹس لینے اور تحقیقات کے حکم کے باوجود غلام نبی شاہ پولس نے تاحال جرگے کے شرکاء اور با اثر ملزمان کے خلاف کارروائی کی ہے نہ متاثرہ خاندان کو تحفظ فراہم کیا ہے ۔ پولیس اب تک نامزد گرفتار ملزم مشتاق منگریو کا چالان بھی پیش نہیں کر سکی۔ رابطہ کرنے پر ایس ایچ او پولس اسٹیشن غلام نبی شاہ نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ اس واقعہ کے حوالے سے جرگے یا ڈی آئی جی کے نوٹس لینے کی کوئی اطلاع نہیں، تحقیقات جاری ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں