عام آدمی کا زندگی گزارنا مشکل، وزیراعظم خیالی دنیا سے باہر نکلیں : بلاول

عام آدمی کا زندگی گزارنا مشکل، وزیراعظم خیالی دنیا سے باہر نکلیں : بلاول

ساڑھے 8 کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر کے دہانے پر کھڑے ، مہنگائی کی شرح14فیصد سے بڑھی تو گزارا کیسے ہوگا؟ ، اشرافیہ کیلئے ایمنسٹی سکیم ،غریبوں کیلئے لنگر خانے ، اب ایسے نہیں چلے گا، آپ کی سوچ عوام دشمن:چیئرمین پیپلزپارٹی

کراچی(صباح نیوز)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے پاکستان میں غربت کی شرح میں تشویشناک اضافے پر پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں 30 فیصد اضافے کے ساتھ ساڑھے آٹھ کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر کے دہانے پر کھڑے ہیں۔اتوار کے روز اپنے ایک بیان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں یومیہ 15 سے 20 افراد خودکشی کرکے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کررہے ہیں۔ بلاول نے کہا کہ وزیراعظم صاحب!اپنی خیالی دنیا سے باہر آئیں ۔ پاکستان کے عام آدمی کیلئے زندگی گزارنا مشکل ہوچکا۔انہوں نے کہا جب مہنگائی کی سالانہ شرح 14 فیصد سے تجاوز کرجائے گی تو عام آدمی آخر کیسے گزارا کرے گا؟۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں دوائیں سوفیصد سے زائد مہنگی ہوچکی ہیں، غریب کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔اشرافیہ کے لئے ایمنسٹی سکیم اور غریبوں کے لئے لنگر خانے ،وزیراعظم صاحب !ایسے نہیں چلے گا۔انہوں نے کہا عمران خان نے عام آدمی کی جیب سے 90 ارب روپے سے زائد نکالنے کیلئے ایک بار پھر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ عید کے بعد صنعتی شعبے سے 20 فیصد ملازمین کو نوکریوں سے نکال دینے کے خدشے نے حقیقت کا روپ دھارا تو حالات اور خراب ہوجائیں گے ۔ملک کی تباہی کی وجہ کرپشن بتانے والے وزیراعظم صاحب!ملک آپ کی عوام دشمن سوچ کی بدولت معاشی لحاظ سے تباہ ہوچکا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں