حکومت نے کم آمدن والے افراد کی زندگی جہنم بنا دی ، شہبازشریف

حکومت نے کم آمدن والے افراد کی زندگی جہنم بنا دی ،  شہبازشریف

پہلا رمضان ہے جو مہنگائی کے سبب عوام نے اذیت میں گزارا،اعداد و شمار عوام دشمن گھمبیر صورتحال کی نشاندہی کررہے عید کے بعد تحریک میں تیزی لانے کیلئے حکمت عملی پر کام شروع ، اپوزیشن لیڈر نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایات جاری کر دیں

لاہور (اپنے سیاسی رپورٹر سے )مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا کہ پہلا رمضان ہے جو قوم نے مہنگائی، کورونا، بے روزگاری، معاشی تباہی کے سبب شدید اذیت میں گزارا ہے ۔ارکان پارلیمان اور ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مہنگائی کی طرح حکمرانوں کی بے حسی بھی تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑ گئی ،بلندبانگ دعوؤں کے بجائے کاش حکمران ریاست مدینہ والا طرز عمل اپناتے ۔موجودہ حکومت نے کم آمدن والے اور نادار طبقات کی زندگی جہنم بنادی ۔ ادارہ شماریات پاکستان کے جاری کردہ حقائق اور اعداد و شمار اس عوام دشمن گھمبیر صورتحال کی نشاندہی کررہے ہیں۔ شہبازشریف نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے حلقوں میں نادار اور کمزورطبقات کا خاص طورپر خیال رکھیں۔ دوسری طرف شہباز شریف نے حکومت کے خلاف تحریک میں تیزی لانے کیلئے حکمت عملی پر کام شروع کر دیا۔ن لیگ پیپلز پارٹی یا دیگر کے بجائے حکومتی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنائے گی،دس رکنی انقلابی کمیٹی کو بھی کوششیں تیز کرنے کا حکم دے دیا گیا،شہباز شریف نے باقاعدہ پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ پیپلز پارٹی کے خلاف کسی قسم کی کوئی بیان بازی نہیں کرنی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کو وکلا ونگ کومضبوط اور متحرک کرنے کیلئے کردار ادا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ حکومتی وزراکی جانب سے عدلیہ پر تنقید کا بھرپور جواب دینے کا کہا گیا ہے ۔ شاہد خاقان عباسی کو پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں سے حکومت پر دباؤ ڈالنے کیلئے رابطوں کا ٹاسک دے دیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں