غریب پرور بجٹ سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، تنقید کی کوئی گنجائش نہیں: بزدار

غریب پرور بجٹ سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، تنقید کی کوئی گنجائش نہیں: بزدار

بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف اور سہولتیں دی گئی ہیں،غریب اور کم وسیلہ طبقات پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا ، حکومت کیساتھ معاشرے کے ہر طبقے کو چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے حصہ ڈالناہوگا،عالمی دن پر پیغام

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے بہترین، متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پروزیراعظم عمران خان، وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین او ران کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ اپوزیشن کے پاس بہترین بجٹ پر تنقید کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ۔اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بجٹ میں اعلان کردہ اقدامات سے ملک میں معیشت حقیقی معنوں میں مضبوط ہوگی، اپوزیشن نے بجٹ تقریر کے دوران غیر مہذب اورغیر جمہوری رویے کا مظاہرہ کیا۔موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف اور سہولتیں دی گئی ہیں۔ بجٹ میں غریب اور کم وسیلہ طبقات پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔وفاقی حکومت کے عوام دوست اور غریب پرور بجٹ سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔چائلڈ لیبر کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ چائلڈ لیبر سماجی ومعاشی مسئلہ ہے ، چائلڈ لیبر کا خاتمہ ہماری حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے ۔ حکومت کے ساتھ معاشرے کے ہر طبقے کو چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے اپنا حصہ ڈالناہوگا۔ قوم کے نونہالوں سے مشقت لینے کی لعنت کا خاتمہ کرکے دم لیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج ہمیں چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے کوششوں کومزید تیز کرنے کا عزم کرنا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں