بجٹ میں خوشخبریاں اور ریلیف ، تنخواہیں بھی بڑھائیں گے : بزدار

بجٹ میں خوشخبریاں اور ریلیف ، تنخواہیں بھی بڑھائیں گے : بزدار

کمزور طبقوں پر کسی قسم کا بوجھ نہیں ڈالا جائیگا،وزیراعلیٰ کی زیرصدارت 4 گھنٹے طویل اجلاس، بجٹ کے خد و خال کا جائزہ بہترین وفاقی بجٹ پر اپوزیشن کا واویلا بے وقت کی راگنی ،وزیر اعلیٰ، صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا

لاہور(سپیشل رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیر اعلیٰ آفس میں 4 گھنٹے طویل اجلاس ہوا،جس میں نئے مالی سال 2021-22 کے بجٹ کے خد و خال کا تفصیلی جائزہ لیا گیااورسالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مختلف سیکٹرز میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹس اورترجیحات پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے بجٹ کو فلاحی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معاشی طور پر کمزور اورمحروم طبقے کی فلاح پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ہمارا یہ بجٹ عوام، کاشتکار، صنعتکار اور محنت کش دوست ہوگا۔ صوبے کے عوام کو بجٹ میں خوشخبریاں دیں گے اور عام آدمی کو بجٹ میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں گے ۔وزیر اعلی ٰنے ہر شعبہ زندگی کو سہولت فراہم کرنے کیلئے پائیدار اقدامات کا حکم دیا۔ عثمان بزدار نے صوبے میں یکساں ترقی کے ویژن کے تحت سالانہ ترقیاتی پروگرام کو حقیقت پسندانہ رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کورونا وباء کے باعث ہیلتھ کے لئے زیادہ وسائل مختص کئے جائیں گے ۔تعلیم،انفراسٹرکچر،ٹرانسپورٹ، پینے کے صاف پانی او رسماجی شعبوں کی ترقی کو ترجیح دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کا بجٹ اعداد و شمار کی بجائے صوبے کی حقیقی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا آئینہ دار ہونا چا ہئے اور بجٹ میں کفایت شعاری، بچت اور فنانشل ڈسپلن پر پورا فوکس رکھا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارنٹر شپ کے تحت فلاح عامہ کے منصوبوں کو فروغ دیا جائے گا اور جہاں ضروری ہو وہاں غیر ضروری اخراجات مزید کم کئے جائیں۔بجٹ میں کمزور طبقوں پر کسی قسم کا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔ صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کیا ہے ، بجٹ میں بھی تنخواہیں بڑھائیں گے ۔بزدار نے کہا کہ وفاقی حکومت نے شاندار بجٹ پیش کیا ہے اور بجٹ میں کمزور طبقات کو خصوصی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اور تاریخ میں پہلی بار مختلف سیکٹرز کو اربوں روپے کا ٹیکس ریلیف دیا گیا ۔بجٹ میں اعلان کردہ اقدامات سے مستحکم ہوتی معیشت مزید مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور حکومت کی ٹھوس پالیسیوں کی بدولت تمام معاشی اشاریے مثبت ہو چکے ہیں تاہم بہترین وفاقی بجٹ پر اپوزیشن رہنماؤں کا واویلا بے وقت کی راگنی ہے اور بجٹ میں اعلان کردہ عوام دوست اقدامات پر اپوزیشن کارویہ ملکی مفادات سے متصادم ہے اور بہترین اورمتوازن بجٹ پر اپوزیشن کی بوکھلاہٹ سب کے سامنے عیاں ہے ۔ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ پاکستان معاشی طورپرمضبوط ہو۔ بجٹ پر سیاست چمکانا انہیں زیب نہیں دیتا۔ معیشت میں بہتری کے حقیقی اعداد و شمار دیکھ کر اس ٹولے کے ہو ش اڑ چکے ہیں۔اپوزیشن \\\"میں نہ مانوں\\\"کی رٹ چھوڑ کر عملیت پسندی کا مظاہرہ کرے ۔پنجاب کا بجٹ بھی عوام دوست ہوگا۔وزیر اعلی ٰپنجاب نے آج 13 جو ن کو صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار اجلاس کی صدارت کریں گے -صوبائی وزراء اور اراکین پنجاب اسمبلی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے -پارلیمانی پارٹی کو نئے مالی سال 2021-22 ء کے بجٹ کے اہم خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے بارے میں حکمت عملی طے کی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں