عالمی منڈیوں میں میڈ ان پاکستان برانڈ یقینی بنایا جائیگا:عمران

عالمی منڈیوں میں میڈ ان پاکستان برانڈ یقینی بنایا جائیگا:عمران

حکومت برآمدی صنعت میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھا رہی ،خطاب ، وزیر اعظم سے میانوالی کے اراکینِ پارلیمنٹ کی ملاقات ،سید فخر امام بھی ملے

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ حکومت سپیشل اکنامک زونر میں برآمدی صنعت میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے ،برآمدی صنعتیں روزگار کی فراہمی، معاشی حجم میں اضافہ اور قیمتی زرِ مبادلہ کے ساتھ ساتھ عالمی منڈیوں میں \"میڈ ان پاکستان\" برانڈ کی رسائی کو یقینی بنائیں گی۔ عمران خان کی زیرِ صدارت سی پیک کے تحت برآمدی صنعتوں میں بیرونی سرمایہ کاری پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزرا ، چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سی پیک کے تحت آنے والے چینی اہلکاروں کے ویزا کے مسائل مکمل طور پر حل کر دیئے گئے ہیں جبکہ وزارتِ داخلہ روزانہ کی بنیاد پر نئے آنے والے کیسزکو نمٹا رہی ہے جس سے سی پیک کی رفتار پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اجلاس میں سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے سپیشل اکنامک زونز میں برآمدی صنعتوں کے قیام کیلئے بنائی گئی حکمتِ عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو چین میں مختلف شعبوں سے متعلق ممکنہ بیرونی سرمایہ کاروں کی نشاندہی اور ان کو پاکستان میں براہِ راست سرمایہ کاری کیلئے فراہم کی جانے والی مراعات کے بارے بتایا گیا۔ وزیرِ اعظم سے میانوالی سے تعلق رکھنے والے اراکینِ پارلیمنٹ اور عوامی نمائندگان کی ملاقات کی۔ملاقات میں شرکا نے وزیر اعظم کو کامیاب معاشی پالیسیوں کی بدولت مثبت معاشی اعشاریوں پر مبارکباد پیش کی اسکے علاوہ میانوالی کے مسائل، مجوزہ منصوبوں اور جاری ترقیاتی کاموں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت کی کاروبار دوست معاشی پالیسیوں کی بدولت علاقے میں صنعتوں کے قیام سے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہونگے ۔ وزیراعظم سے وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی سید فخر امام نے ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی نے وزیر اعظم کو ملک میں گندم، چاول، مکئی، مونگ، پیاز اور آلو کی ریکارڈ پیداوار، اور لائیو سٹاک کی بحالی کے ضمن میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔مزید برآں عمران خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنے والدین کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے لئے دعا کی گئی ،تصویر میں وہ والدہ، والد اور بہنوں کے ساتھ تصویر بنوا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے مرحوم والدین کے حق میں دعا بھی کی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں