پاک فوج سرحدوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے پر عزم: آرمی چیف

پاک فوج سرحدوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے پر عزم: آرمی چیف

جنرل قمر باجوہ نے عید کا دن ضلع کرم میں پاک افغان بارڈر کے قریب تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ گزارا ، آرمی چیف کی اہلیہ کے ہمراہ کیپٹن باسط، کیپٹن عفان اور لیفٹیننٹ اکاشا شہید کے اہلخانہ سے ملاقاتیں،فاتحہ خوانی

راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر، اے پی پی ) بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید کا دن خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں پاک افغان انٹرنیشنل بارڈر کے قریب تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ گزارا۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق فوجی جوانوں کے ساتھ ملاقات اور عید کی مبارکباد کا تبادلہ کرتے ہوئے آرمی چیف نے مادر وطن کے دفاع کیلئے ان کے بلند جذبوں اور غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے بارڈر سکیورٹی کیلئے موثر اقدامات اور پیشہ ورانہ حربی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ بری فوج کے سربراہ نے پاک افغان انٹرنیشنل بارڈر کے ساتھ تیزی سے باڑ کی تنصیب کیلئے اقدامات کی تعریف کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج ابھرتے ہوئے چیلنجز کے پیش نظر اپنی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا ہم تمام خطرات سے ہر قیمت پر وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقے کی سماجی و اقتصادی ترقی، مواصلاتی ڈھانچے کے فروغ، سکول، ہسپتالوں اور مقامی آبادی کی بحالی کیلئے اقدامات سمیت جاری منصوبوں کی تکمیل میں معاونت کیلئے سول انتظامیہ کی مسلسل خدمات کو بھی سراہا۔ قبل ازیں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے آرمی چیف کا خیرمقدم کیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی اہلیہ ہری پور کے قریب شہید کیپٹن باسط علی کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شہید کیپٹن باسط علی کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور ان کے اہلخانہ سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا ملکی دفاع کیلئے اپنی جان قربان کر دینے سے بڑھ کر کوئی قربانی نہیں، پوری قوم کو اپنے ہیروز کی جانب سے پیش کی گئی قربانیوں پر فخر ہے ۔ آرمی چیف اور ان کی اہلیہ نے لاہور میں شہید کیپٹن عفان مسعود خان اور شہید لیفٹیننٹ محمد اکاشا طلال کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور شہدا کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبد العزیز بھی موجود تھے ۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا قوم امن اور استحکام کوشہدا کے نام کرتی ہے جنہوں نے اپنے لہو سے تاریخ رقم کی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں