وزیراعلیٰ کا لاہور کا 2 گھنٹے دورہ، صفائی آپریشن کا معائنہ، ویڈیو لنک پر مختلف شہروں کا جائزہ، اچھی کارکردگی پر انعام ملے گا

وزیراعلیٰ کا لاہور کا 2 گھنٹے دورہ، صفائی آپریشن کا معائنہ، ویڈیو لنک پر مختلف شہروں کا جائزہ، اچھی کارکردگی پر انعام ملے گا

زیرو ویسٹ آپریشن کو ہر قیمت پر یقینی بنایاجائے ، حکام کو ہدایت ،عید کے دوسرے اور تیسرے دن بھی صفائی کا جائزہ لیا ، کل کا سورج پی ٹی آئی کی فتح لیکر طلوع ہوگا،وزیر اعلیٰ ،ڈی جی خان حادثہ میں جاں بحق افرادکے لواحقین کی مالی امداد کا اعلان

لاہور (سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عید کے دوسرے روز بغیر پروٹوکول لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ خود گاڑی ڈرائیو کی اور شہر میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔شہر کا تقریباً دو گھنٹے دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران کسی مقام پر ٹریفک نہیں روکی گئی۔ڈیوس روڈ،شملہ پہاڑی، ایمپرس روڈ، کوپر روڈ، منٹگمری روڈ،میکلوڈروڈ اور لکشمی چوک میں صفائی آپریشن کامعائنہ کیا۔میوہسپتال روڈ،مال روڈ،ملتان روڈ،لٹن روڈ،فیروز پورروڈ، شاہ جمال، شادمان او ردیگر علاقوں میں صفائی انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے گاڑی روک کر ورکرز کو شاباش دی۔ وزیراعلیٰ نے صفائی آپریشن کو مزید تیز او رموثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں زیرو ویسٹ آپریشن کو ہر قیمت پر یقینی بنایاجائے ۔ وزیراعلیٰ نے عیدالاضحی کے تیسرے روز بھی صفائی آپریشن موثر انداز سے جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جہاں کہیں سے کوئی شکایت آئی، عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے عید کے روز لوکل گورنمنٹ بورڈکمپلیکس ساندہ کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے عیدالاضحی پر صوبہ بھر میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا۔مرکزی کنٹرول روم سے پنجاب بھر میں عید الاضحی پر صفائی کیلئے کیے جانیوالے انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ کی زیر صدارت لوکل گورنمنٹ بورڈ کمپلیکس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔عثمان بزدار نے ویڈیولنک پر مختلف شہروں کی انتظامیہ سے گفتگو کی اورصفائی کے انتظامات کے بارے میں ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا صفائی کے اچھے انتظامات پرمتعلقہ اضلاع کے افسروں اورعملے کو انعام دیا جائے گا۔خراب کارکردگی پر جواب طلبی ہوگی۔عثمان بزدارنے نماز عیدالاضحی وزیراعلیٰ آفس کی مسجد میں ادا کی۔ بزدارنے کہاہے کہ 25جولائی کا سورج آزاد کشمیر الیکشن میں تحریک انصاف کی فتح لیکر طلوع ہوگا۔گلگت بلتستان کے بعد پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں بھی حکومت بنائے گی۔ مخالف جماعتیں ملکر بھی تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کرسکتیں۔ کشمیر ی عوام ایماندار اوردیانتدارقیادت کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 25جولائی کو کشمیر کے عوام دیانتداراور شفاف قیادت کو ووٹ دیں گے ۔ کشمیری عوام ووٹ کی طاقت سے کرپشن کے بت پاش پاش کر دیں گے ۔عثمان بزدار نے کہاہے کہ کورونا کی چوتھی لہر کے باعث مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے ۔ شہری احتیاط کادامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے سے شہری مرض سے محفوظ رہیں گے ۔ عثمان بزدارنے عید کے روز ڈیرہ غازی خان ٹریفک حادثہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے لئے 2 کروڑ روپے مالی امداد کا اعلان کیا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے واقعہ میں غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے وزیراعلٰی معائنہ ٹیم کو انکوائری کا حکم دیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں