وزیراعظم کا بیان کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی:سراج الحق

وزیراعظم کا بیان کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی:سراج الحق

کشمیر کا سفیر بننے کا اعلان کر کے عملی طورپر اس سے بھی یوٹرن لے لیا گیا ہے ، آزاد کشمیر کے الیکشن آج لیکن سلیکشن پہلے ہوچکی،امیر جماعت اسلامی، خطاب

لاہور (سیاسی نمائندہ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ وزیراعظم کا بیان کشمیر یوں کے زخموں پر نمک پاشی اور قومی موقف کو کمزور کرنے کے مترادف ہے ۔ وزیراعظم کی دائیں بائیں کی باتیں پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کے جذبات کی حقیقی ترجمانی نہیں ۔ وزیراعظم نے کشمیر کا سفیر بننے کا اعلان کر کے عملی طور پر اس سے بھی یوٹرن لے لیاہے ۔ پاکستان کو کشمیر کے حوالے سے 74 سالہ موقف پر ڈٹارہنا چاہیے ۔آزاد کشمیر میں الیکشن آج لیکن سلیکشن پہلے ہو چکی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میں ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا اگر الیکشن ریفارمز پر سنجیدگی سے کوشش نہ کی گئی تو وہی کچھ ہوگا جو پہلے گلگت بلتستان میں اور آج آزاد کشمیر میں عملاً نظر آرہاہے ،کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کی ضرورت ہے جس کیلئے وزیراعظم اور حکومت کی طرف سے کیے گئے اب تک کے اقدامات اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابر ہیں،موجودہ حکمرانوں کی غفلت کی وجہ سے انڈیا کو 5اگست کے اقدامات کی جرأٔت ہوئی جس کی وجہ سے صدیوں سے قائم کشمیر کی ریاستی حیثیت ختم کی گئی اور کشمیر کو انڈیا کا حصہ بنانے کا اعلان کیا گیا ۔ انڈیا ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے انڈین شہریوں کی آباد کاری کا عمل کرتے ہوئے تیزی سے ان کو زمینیں الاٹ کر رہاہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں