ہر پاکستانی کم ازکم ایک درخت لگائے تو انقلاب آسکتا ہے : وزیراعظم

ہر پاکستانی کم ازکم ایک درخت لگائے تو انقلاب آسکتا ہے : وزیراعظم

نئی نسل کو آلودگی سے پاک پاکستان دینا چاہتے ہیں:شجر کاری مہم کی تقریب سے خطاب ، عبدالرزاق داؤد کی ملاقات ، کشمیر کے لئے آواز بلند کرتا رہوں گا :ٹویٹ ،اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمت پر فراہمی اولین ترجیح :اجلاس سے خطاب

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر ، دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ ماضی میں درخت لگانے پر توجہ نہیں دی گئی، ہر پاکستانی کم از کم ایک درخت لگائے تو ا نقلاب آ سکتا ، گلوبل وارمنگ سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ناگزیر ہے ، آنے والی نسلوں کو آلودگی سے پاک پاکستان دینا چاہتے ہیں۔ اسلام آباد میں 10 بلین ٹری شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں درخت لگانے کے بجائے ان کو کاٹا گیا، گلوبل وارمنگ کیخلاف ہماری مہم کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے ، آنے والی نسلوں کیلئے بہتر ملک چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں۔موسم برسات کی شجر کاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانی اس مہم میں بھرپور حصہ لیں، ہر پاکستانی کم از کم ایک درخت لگائے ، شہروں میں کوئی جگہ خالی نظر نہ آئے ، پاکستان ماحولیاتی تحفظ اور گلوبل وارمنگ کے منفی اثرات کم کرنے کے اقدامات میں لیڈ کررہا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں درختوں کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان کئی ممالک سے پیچھے ہے ۔ بھارت بھی ہم سے درختوں کی تعداد کے لحاظ سے آگے ہے ۔ ماضی میں کسی حکومت نے اس طرف توجہ نہیں دی۔ اس کے ماحول پر شدید اثرات مرتب ہوں گے ۔ گلوبل وارمنگ عالمی سطح پر بہت اہم مسئلہ بن چکا ہے ۔ پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے ، آلودگی کم کرنے اور ماحول کو بہتر بنانے کے لئے لاہور ، پشاور اور کراچی سمیت ملک بھر میں شجر کاری بے حد ضروری ہے ۔جنگلات کا رقبہ بڑھانے کی ضرورت ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ موسم برسات کی شجرکاری مہم کاآغازکیاجارہاہے ۔ تمام پاکستانی اس میں شرکت کریں اور ہر پاکستانی اگر کم از کم ایک درخت بھی لگائے تو بہت بڑا نقلاب آ سکتا ہے ۔ وزیراعظم نے ضلعی انتظامیہ کے افسروں کو ہدایت کی کہ گھروں ، پارکس سمیت تمام خالی جگہوں پر درخت لگائیں۔ ہمیں ورثے میں جو ملک ملا وہ ماحول کے لحاظ سے بہتر تھا۔ انگریزوں نے بھی یہاں شجر کاری کی تھی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے 10 ارب درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے جس کو دنیا میں سراہا جا رہا ہے ۔ پاکستان گلوبل وارمنگ کے منفی اثرات کم کرنے کے لحاظ سے دنیا کی قیادت کررہا ہے ۔ آزاد کشمیر الیکشن میں کامیابی پر وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ میں کہا کہ تمام امیدواروں کو مبارکباد دیتا ہوں، کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھاتا رہوں گا۔ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے اپنے ووٹوں کے ذریعے پی ٹی آئی پر اعتماد کیا، ان کے اعتماد کے نتیجے میں پی ٹی آئی کو انتخابات میں فتح ملی۔ احساس اور کامیاب پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے آزاد کشمیر کوغربت سے نکالنے پر توجہ دیں گے ، ہم حکومت میں احتساب اور شفافیت قائم کریں گے ۔وزیراعظم نے لکھا کہ کشمیر کا سفیر ہونے کے ناطے میں اقوام متحدہ سمیت عالمی فورموں پر کشمیر کے مسئلے پر آواز بلند کرتا رہوں گا، اقوام متحدہ کو باور کراؤں گا کہ وہ کشمیر سے متعلق کیا گیا اپنا وعدہ پورا کرے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے پیر کو ایف نائن پارک میں سٹیزن کلب کا دورہ کیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، سینیٹر فیصل جاوید اور چیئرمین سی ڈی اے بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے ۔ سٹیزن کلب کی عمارت کی تعمیر کا آغاز 2008میں ہوا لیکن اس کی تکمیل التوا کا شکار ر ہی ۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا سیل کے مطابق موجودہ حکومت نے 2018 میں سٹیزن کلب کی عمارت کو مکمل کیا۔ کابینہ نے حال ہی میں اس عمارت کو عوامی مقاصد کے لئے بروئے کار لانے پر غور کیا۔عمران خان کا دورہ اسی سلسلے کی کڑی تھا۔وزیرِ اعظم کی ہدایت پر معروف آرکیٹیکٹ نیئر علی دادا اور چیئرمین سی ڈٰی اے پر مشتمل کمیٹی سٹیزن کلب کی عمارت کوعوامی مقاصد کے لئے بروئے کار لانے کے حوالے سے اپنی سفارشات وزیر اعظم کوجلد پیش کرے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے عبدالرزاق دائود نے ملاقات کی۔عبدالرزاق داؤد نے وزیرِ اعظم کو ازبکستان دورے کے بعد باہمی تعاون و تجارت کے معاہدوں پر پیش رفت اور سرمایہ کاروں کی طرف سے مثبت نتائج کی پیش گوئی سے آگاہ کیا۔ادھر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کو اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمت پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ تحصیل ،ضلعی انتظامیہ اور مسابقتی کمیشن کے ذریعے اشیائے خورو نوش کی مناسب قیمتوں کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ منافع خوروں اور مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کو یقینی بنایا جائے ،عوام کو سہولت فراہم کی جائے ۔وزیرِ اعظم نے چیف سیکرٹریزکو ہدایت کی کہ قیمتوں کے حوالے سے غفلت کے مرتکب افسروں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے ۔وزیر اعظم نے قیمتوں کی مستقل بنیادوں پر نگرانی اور مناسب قیمتوں کو یقینی بنانے کے حوالے سے قائم سیل کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں