آزاد کشمیر میں بھی عوام نے چوروں ، لیٹروں کی سیاست مسترد کردی : بزدار

آزاد کشمیر میں بھی عوام نے چوروں ، لیٹروں کی سیاست مسترد کردی : بزدار

جیت گئے ٹھیک، ہار گئے دھاندلی ؛بیان :پی ڈی ایم اے سٹاف کیلئے دو ماہ کی تنخواہ بطور اعزازیہ دینے کا اعلان ، چیئرمین پیمرا سے پنجاب حکومت کے ٹی وی چینل پر تبادلہ خیال،20 فیصد آبادی کو ویکسین لگائی جا چکی :وزیر اعلیٰ

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آزاد کشمیر الیکشن میں کامیابی پر تحریک انصاف کے امیدواروں کو مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے وزیر اعظم عمران خان کی سچی اور ایماندار قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ آزاد کشمیر الیکشن میں جیت شفافیت اور دیانتداری کی فتح ہے ۔ گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر میں بھی عوام نے چوروں اور لٹیروں کی منفی سیاست کومسترد کر دیا ۔ مخالف جماعتوں کے ریاست مخالف بیانیے کو عبرتناک شکست ہوئی۔ آزاد کشمیر کے عوام نے کرپشن زدہ عناصر کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کے نتائج نے ثابت کردیا ہے کہ عوام تحریک انصاف کی قیادت اورپالیسیوں پر اعتماد کرتے ہیں۔ ثابت ہو گیا کہ کشمیری عوام شفاف اور عوام کی خدمت کرنے والی مخلص قیادت کے ساتھ ہیں۔ جہاں جیت گئے وہ ٹھیک،جہاں ہار گئے وہاں دھاندلی، یہ روش اب نہیں چلے گی۔ آزاد کشمیر میں جمہوری روایات کا عَلم بلند ہوا ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) کے ہیڈ آفس گئے ۔ مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ کنٹرول روم کے ذریعے موسم اور دریاؤں کی صورتحال کے حوالے سے معلومات کے حصول کے جدید نظام کا مشاہدہ کیا اور موسم کی پیشگی اطلاعات کے سسٹم کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت پی ڈی ایم اے کے ہیڈ آفس میں اجلاس ہوا۔عثمان بزدار کو مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے اور امدادی سرگرمیوں کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔عثمان بزدار نے پی ڈی ایم اے کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موسم کی صورتحال کے ساتھ دریاؤں میں پانی کی آمد و اخراج کو تسلسل کے ساتھ مانیٹر کیا جائے ۔پی ڈی ایم اے میں قائم کنٹرول روم صورتحال پرنظر رکھے ۔ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ پی ڈی ایم اے اپنے ویئر ہاؤسز میں ضروری آلات او رسامان کی دستیابی یقینی بنائے ۔ وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے سٹاف کیلئے دو ماہ کی تنخواہ بطور اعزازیہ دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ سے سول سیکرٹریٹ میں چیئرمین پیمرا محمدسلیم بیگ نے ملاقات کی اورپنجاب حکومت کی جانب سے ٹی وی چینل شروع کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین پیمراسلیم بیگ نے وزیراعلیٰ کو پیمرا کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ عثمان بزدار نے پیمرا کی کارکردگی کو سراہااور کہا کہ رائے عامہ ہموارکرنے میں میڈیاکا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے ۔جدید دور میں میڈیا کی اہمیت اورذمہ داری پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے ۔وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی چوتھی لہر سے نمٹنے کیلئے اقدامات اورشہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پانچ شہروں میں کورونا ویکسین لگانے کی خصوصی مہم کے بارے میں بھی وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی گئی۔ عثمان بزدارنے کورونا ویکسی نیشن کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ20 فیصد آبادی کو ویکسین لگائی جا چکی ہے ۔ لاہور، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کی50 لاکھ آبادی کو 14 اگست تک ویکسی نیشن کی جائے گی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں