آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج تسلیم کیے نہ کرونگی ، نائب صدر ن لیگ ، دھاندلی کے باوجود ہماری پارٹی بڑی اپوزیشن جماعت بن گئی : چیئرمین پیپلز پارٹی : شکست پر مریم ، بلاول مستعفی ہوں : وفاقی وزراء

آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج تسلیم کیے نہ کرونگی ، نائب صدر ن لیگ ، دھاندلی کے باوجود ہماری پارٹی بڑی اپوزیشن جماعت بن گئی : چیئرمین پیپلز پارٹی : شکست پر مریم ، بلاول مستعفی ہوں : وفاقی وزراء

دھاندلی پر لائحہ عمل کیلئے فیصلہ جلد پارٹی کریگی:مریم ، ووٹ چوروں کو استعفیٰ مانگتے شرم آنی چاہیے ، ترجمان (ن)لیگ ، الیکشن کمیشن قواعد کی خلاف ورزیوں پر کارروائی میں ناکام رہا:بلاول ، اپوزیشن نے مہم میں اداروں پر تنقید کے سوا کچھ نہیں کیا:فواد ، عوام نے الزامات کی سیاست کو زمین بوس کردیا:گنڈا پور ،فرخ حبیب،کشمیریوں نے وزیراعظم کے نظریے کی حمایت کی:شاہ محمود

لاہور (سیاسی رپورٹر سے ، دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے آزاد کشمیر الیکشن کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے ٹویٹ میں کہا کہ نتائج تسلیم کئے ہیں نہ کروں گی ،اس بے شرم دھاندلی پر کیا لائحہ عمل ہو گا، جماعت جلد فیصلہ کرے گی، ن لیگ کے تمام ووٹرز اور ورکروں کو ان کی جرات اور بہادری پر شاباش دینا چاہتی ہوں۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا میں نے تو 2018کے نتائج بھی تسلیم نہیں کیے اور نہ ہی اس جعلی حکومت کو مانا ہے ۔مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ جن کی اپنی کرسیاں ووٹ چوری کی مرہون منت ہوں، انہیں استعفیٰ مانگتے ہوئے شرم آنی چاہیے ،جن کی حکومت لوٹوں کی بے ساکھیوں کے سہارے چل رہی ہو وہ اپنے گریبان میں جھانکیں ،وزیر اطلاعات فواد چودھری کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں انہوں نے کہاکہ جنہوں نے عوام کو مہنگائی کے سمندر میں ڈبو دیا، معیشت تباہ کی، عوام کو بے روزگار کیا، ملک کو مقروض کیا۔ جن کا استعفیٰ آنے والا ہے ، وہ استعفیٰ مانگ رہے ہیں؟۔ مریم نواز کا استعفیٰ مانگنے والے تم ہو کون؟۔ آٹا ،چینی، بجلی، گیس، دوائی، ووٹ چور اب استعفیٰ دیں گے ۔کشمیر فرو ش الیکشن کی شفافیت کا یہ عالم ہے کہ جس وزیر کو نکالا گیا، وزیراعظم ہیلی کاپٹر میں اسے ساتھ لے آیا ،جن کے جلسوں میں کشمیری نہ آئے ، ڈبے ووٹ سے بھرکر ان کو ہی جتا دیاگیا۔انہوں نے کہاکہ ووٹ چور استعفیٰ دیں اور ایک بار ووٹ چوری کے بعد الیکشن جیت کر دکھائیں ۔ ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے فواد چودھری کے ٹویٹ کے جواب میں کہا کہ 25 جولائی 2021 درحقیقت 2018 کا ری پلے تھا.عام آدمی کا رزلٹ آنے تک مسلم لیگ ن آگے تھی اور رزلٹ رک جانے کے بعد ووٹ چور آگے ہوگئے ۔عام آدمی کے ووٹ سے بنتے تو سچ میں ہمیں خوشی ہوتی اور آپ کو مبارک بھی ضرور دیتے ،عام آدمی کشمیر فروشوں کو ووٹ نہیں دیتے ۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پی ٹی آئی نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں تشدد اور دھاندلی کا سہارا لیا، الیکشن کمیشن انتخابی قواعد کی خلاف ورزیوں پر پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی میں ناکام رہا،گزشتہ انتخابات سے تین نشستیں زیادہ لے کر پی پی پی آزاد کشمیر میں 11 نشستوں کے ساتھ اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ، مجھے بہترین جدوجہد کرنے والی پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر پر فخر ہے ۔ وفاقی وزراء فواد چودھری اور علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی کو مریم نواز اور بلاول بھٹو سے آزاد کشمیر الیکشن میں شکست پر استعفیٰ لے لینا چاہیے ،مریم نواز کس منہ سے اتنی بڑی شکست کے بعد نائب صدر اور بلاول پارٹی چیئرمین ہیں،آصف زرداری کی برتھ ڈے پر بلاول نے تحفہ دیا کہ باقی صوبوں کی طرح کشمیر میں بھی انکا کوئی حال نہیں رہا، آئندہ عام انتخابات میں سندھ میں بھی انکا یہی حال ہوگا،یہ انکی آخری حکومت ہے ،مریم نواز اور بلاول نے پوری انتخابی مہم میں گالم گلوچ اور قومی اداروں پر تنقید کے سوا کچھ نہیں کیا، مریم نواز کو فوج کو مسلسل نشانہ بنانے کا جواب مل گیا ،پاکستان ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام نے خاندانی سیاست کو مستردکردیا،آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات ‘‘کھسیانی بلی کھمبا نوچے ’’ کے مترادف ہیں، کشمیر کی 72سالہ محرومی کا ازالہ کریں گے اور بہت جلد کشمیر کے لوگوں کو خوشخبری دیں گے ، وزیر اعظم اور سپیکر کے ناموں کا اعلان عمران خان خود کرینگے ۔ علی امین گنڈا پور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ کشمیر انتخابات میں تاریخی کامیابی ملی جس کے اثرات دور تک جائیں گے ، اتنی بڑی کامیابی میں دھاندلی ممکن نہیں ہوتی، 56فیصد سے زائد پولنگ رہی جس کا مطلب ہے لوگوں کو انتخابی عمل اور امیدوار پر اعتماد ہے ، عمران خان آزاد کشمیر ہی نہیں مقبوضہ کشمیر میں بھی مقبول لیڈر ہیں، انہوں نے ہر وہ کام کیا جس سے کشمیر کی جدوجہد کو تقویت ملے ۔فواد چودھری نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی کو چاہیے کہ وہ مریم نواز اور بلاول بھٹو سے اس شکست پر استعفیٰ لے لیں، بلکہ ان کو خود ہی استعفیٰ دے دینا چاہیے اور اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے ، فواد نے کہا کہ مریم نواز اپنی ریسرچ ٹیموں کو لگا کر پتالگالیں کہ ان کی تمام گفتگو عمران خان کو برا بھلا کہنے پر تھی، جبکہ عمران خان نے کشمیر اور کشمیر کے بیانیے کی بات کی، عمران خان کشمیر میں وزیر اعظم اور صدر کا فیصلہ کریں گے ،فواد نے کہا کہ مریم نواز کے بیانیے کو کشمیر کے عوام نے مسترد کر دیا، یہ ممکن نہیں کہ آپ مودی کو بھی بلائیں اور توقع کریں کہ ہمیں کشمیری ووٹ بھی دیں گے ، نواز شریف نے افغانستان کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر حمد اللہ محب سے جو ملاقات کی اسکے اثرات کشمیریوں نے دکھائے ، ن لیگ کی لیڈر شپ کو نواز شریف کی ملاقات پر حقائق سے آگاہ کرنا چاہیے اور نواز شریف کو نوٹس دینا چاہیے ،پاکستان ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام نے خاندانی سیاست کو مستردکردیا،2023کے انتخابات میں سندھ سے بھی پیپلزپارٹی کا صفایا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے وزیراعظم عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا،مقبوضہ کشمیر کے عوام میں بھی وزیراعظم عمران خان بے حد مقبول ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی کامیاب انتخابی مہم پر علی امین گنڈاپور کو مبارکباد دیتے ہیں ،آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات ‘‘کھسیانی بلی کھمبا نوچے ’’ کے مترادف ہیں،پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ نوازشریف اور پاکستان مخالف حمد اللہ محب کی ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے ، پاکستان کا واضح مؤقف ہے کہ بھارت 5 اگست کے اقدامات واپس لے ،وزیراعظم عمران خان 5 اگست کو آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے سیشن سے خطاب کریں گے ۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہعوام نے الزامات کی سیاست کو زمین بوس کردیا، پی ٹی آئی پر بھرپور اعتماد پر کشمیری عوام کے بے حد مشکور ہیں ، ہم کشمیر کی 72سالہ محرومی کا ازالہ کریں گے اور بہت جلد کشمیر کے لوگوں کو خوشخبری دیں گے ، ہم نے پہلے کہا تھا اپوزیشن جماعتیں الیکشن سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں، ہمارے 50کارکن زخمی اور دو شہید ہوئے انکا ازالہ کریں گے ، عمران خان نے پہلے ہی کہا تھا کہ الیکشن کے رزلٹ کے بعد صدر وزیر اعظم اور سپیکر کا فیصلہ کروں گا۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان دلیر سفیر اور سچے وکیل کے طور پر ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑتے رہیں گے ، جن لوگوں نے کشمیر کا سودا کیا انھیں آج کشمیریوں نے ووٹ سے مسترد کر دیا، آزاد کشمیر اور ملک کے مختلف حصوں میں بسنے والے کشمیریوں کا شکریہ ،جنہوں نے وزیر اعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا،کشمیریوں نے پی ٹی آئی کو جو مینڈیٹ دیا اس کے احترام کے ساتھ ساتھ تعمیر و ترقی کا جال بچھائیں گے ۔ علاوہ ازیں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے دھونس، دھاندلی، الزامات اور تنقید کی سیاست کو زمین بوس کردیا، 25 جولائی تاریخ کا حصہ بن چکا ہے ، اس دن کشمیریوں نے مودی کے یاروں، جعلی اکاؤنٹس، منی لانڈرنگ اور سرٹیفائیڈ جھوٹوں کو سبق سکھایا ،ملک میں عام انتخابات کے بعد گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام نے دونوں کرپٹ جماعتوں کو الوداع کہہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ جو اپنی شادیوں پر مودی کو بلائیں، آموں اور ساڑھیوں کے تحائف لیں، حریت رہنماؤں کو نظر انداز کریں ،کشمیری ان کو کبھی معاف نہیں کرسکتے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹویٹ میں کہا کہ غیور کشمیری عوام کا تہہ دل سے شکریہ، کشمیریوں نے وزیراعظم کے نظریے کی واضح حمایت کی۔کشمیریوں نے کشمیر سے جھوٹ اور کرپشن کی سیاست کا خاتمہ کیا، تحریک انصاف کشمیر کی خوشحالی کے وعدے کو عملی جامہ پہنائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں