بزدار کے 8 گھنٹے میں 6 شہروں کے طوفانی دورے : ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ ناقص صفائی پر برہم

بزدار کے 8 گھنٹے میں 6 شہروں کے طوفانی دورے : ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ ناقص صفائی پر برہم

آمد سے قبل صفائی بصری دھوکا،ایسے ڈرامے ماضی کا حصہ ہوتے تھے ،اب برداشت نہیں کرونگا، دوروں کے دوران گفتگو ، جرائم پیشہ عناصرکیخلاف کریک ڈائون جاری ،کورونا ویکسی نیشن تیز کرنیکا حکم، پی ٹی آئی عہدیداروں،کارکنوں سے ملاقاتیں

لاہور،اوکاڑہ(سیاسی رپورٹر سے )وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے براستہ سڑک ملتان جاتے ہوئے 8گھنٹوں میں 6 شہروں کے طوفانی دورے کئے ،انہوں نے ستگھرہ، اوکاڑہ، ساہیوال ، چیچہ وطنی، میاں چنوں اور خانیوال کے دوروں کے دوران شہرو ں کے ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا ، ناقص صفائی پراظہار برہمی کیا، انہوں نے انتظامیہ کو صفائی، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور کے بارے میں مو قع پر ہدایات جاری کیں ۔ وزیراعلیٰ نے پی ٹی آئی عہدیداروں اورکارکنوں سے ملاقاتیں بھی کیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب اوکاڑہ کے نواح میں ستگھرہ پہنچے اور میر چاکر اعظم رند کے مقبرے کا دورہ کیا اورچادر چڑھائی ۔بعد ازاں وزیر اعلی ٰ پنجاب نے اوکاڑہ میں صفائی کے انتظامات اور دیگرسہولتوں کا جائزہ لیا۔ ساہیوال میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس میں اجلاس ہوا ۔عثمان بزدار نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ وزیر اعلی ٰ پنجاب نے ساہیوال سمیت صوبہ بھر میں ویکسی نیشن کا عمل تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بروقت ویکسی نیشن کورونا سے بچاؤمیں معاون ثابت ہو سکتی ہے ۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ اچانک چیچہ وطنی پہنچے جہاں انہوں نے صفائی کی ناقص ،سڑکوں کی خراب صورتحال پر اظہار برہمی کیا۔ انہوں نے کہا وزیر اعلیٰ کی آمد پر پانی کا ‘‘چھڑکاؤبصری دھوکاہے ، ڈرامے ماضی میں چلتے تھے ، ایسے ڈرامے برادشت کرتا ہوں نہ کروں گا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ نے راولپنڈی میں شدید بارش اور نالہ لئی میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم جاری کر دیا ہے ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ایئر آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ایئر کمانڈ،ایئر وائس مارشل ظفر اسلم نے ملاقات کی۔ علاو ہ ازیں وزیراعلیٰ نے دوران سرو س انتقال کرنے والے سرکاری ملازمین کے لواحقین کو ملازمتیں دینے میں تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ۔ وزیراعلیٰ ملتان میں وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک کی رہائش گاہ پرگئے اورانکے بڑے بھائی حاجی ملک عطا محمد کے انتقال پر سوگوار خاندان سے اظہار افسوس کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں