شہبازشریف ماضی بھلا کر آئیں ، مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں : شیخ رشید

شہبازشریف ماضی بھلا کر آئیں ، مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں :  شیخ رشید

ن اور ش لیگ میں مفاہمت اور مزاحمت کی جنگ جاری ، انکا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، یہ اپنی انگلیاں خود کاٹیں گے ، عمران کواپوزیشن سے کوئی تھریٹ نہیں،افغان سفیر کی بیٹی کے کیس کے حقائق افغان ٹیم سے شیئرکرینگے :پریس بریفنگ

اسلام آباد (آئی این پی،دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ (ن)لیگ کو اپنی پالیسیوں کی وجہ سے نقصان پہنچا ، شہبازشریف اگر بات کرنا چاہیں توماضی بھلاکر آئیں حکومت کے دروازے کھلے ہیں، مسلم لیگ ن کو اندرونی محاذ آرائی کا سامنا ہے ، (ن) لیگ اور شین لیگ کے درمیان آپس میں مفاہمت اور مزاحمت کی جنگ جاری ہے ، ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، یہ اپنی انگلیاں خود کاٹیں گے ، اسلام آباد میں نالوں کے اردگرد غیر قانونی تعمیرات گرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ، اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں سیلاب آیا لیکن ہمارے پاس ریسکیو ٹیم نہیں تھی، سی ڈی اے کے چیئرمین کو ہدایت جاری کردی ہے کہ تمام نالوں پر تعمیرات 30اگست تک کلیئر ہونی چاہئیں۔ افغان سفیر کی بیٹی کے کیس کے حقائق افغان ٹیم سے شیئرکرینگے ۔ پریس بریفنگ کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان ، سلامتی اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لئے تمام تر موثر اقدامات کیے جائیں گے ۔ نادرا میں کوروناویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کا اجراء کیا جا رہا ہے ، ملکی و غیر ملکی افراد کو سرٹیفکیٹ فراہم کیا جائے گا،64ممالک اس سسٹم میں شامل ہوں گے ، سسٹم کے ذریعے چیک کیا جا سکے گا کہ بیرون ملک سے آنے یا جانے والے شخص نے ویکسین لگوائی ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کو ماڈرن ڈپلومیٹک انکلیو بنایا جائے گا۔190مزید کیمرے لگائے جائیں گے ، 1122ایمرجنسی ریسپانس سٹیشن بنایا جائے گا، 9محرم سے پہلے ہولی فیملی میں کورونا وارڈ کا افتتاح کیا جائے گا، کورونا وباء کے خاتمے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے ۔ بیرون ملک نادرا اور پاسپورٹ آفس میں بیٹھے لوگ 30اگست تک واپس رپورٹ نہیں کریں گے تو انہیں نوکریوں سے فارغ کر دیا جائے گا۔ چینی باشندوں کی سکیورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ، داسو ڈیم واقعہ کے معاملے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں ،انہوں نے کہا کہ عمران خان لکی آدمی ہے اپوزیشن سے کوئی تھریٹ نہیں،پیپلز پارٹی اور نون لیگ حکومت کیلئے مسئلہ نہیں، ان کی مفاہمت اور مزاحمت کی پالیسیاں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی، مفادات کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا ہوا ہے ، ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں،یہ صرف میڈیا پر شور مچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ماضی کو بھلا کر اگر بات کرنا چاہیں تو بسم اللہ۔ اپوزیشن کیلئے حکومت کے دروازے سیاست میں کبھی بند نہیں ہو سکتے ، وزارت داخلہ افغان سفیر کی بیٹی کیس کے حقائق افغان تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ دفتر خارجہ کے ذریعے شیئر کرے گی کیونکہ کمیٹی نے اس معاملے پر اپنی تحقیقات مکمل کر لی ہیں ۔افغان تحقیقاتی ٹیم اپنی تحقیقات مکمل کرنے کے لیے پاکستان میں ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں