وسائل محدود ، مزید افغان مہاجرین کے متحمل نہیں :وزیرخارجہ

 وسائل محدود ، مزید افغان مہاجرین کے متحمل نہیں :وزیرخارجہ

ہمسایوں کیساتھ پر امن رہنے کے متمنی ،افغان سفیر بیٹی معاملہ پر ہر معاونت کی پیشکش کی ، بھارت 5 اگست کے غیرقانونی اقدامات واپس لے :سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کوخط

اسلام آباد (وقائع نگار ، اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا تیزی سے تبدیلی کی جانب گامزن ہے ، ہم خطے میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ پر امن انداز میں رہنے کے متمنی ہیں ،افغان سفیر کی بیٹی کے معاملے پر ہر طرح کی معاونت کی پیشکش کی مگر ان کی جانب سے عدم تعاون کا رویہ روا رکھا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے عالمی برادری کو باور کروایا ہے کہ ہم اپنے محدود وسائل کے باوجود 30 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہے ہیں، ہمارے وسائل مزید مہاجرین کے متحمل نہیں ہو سکتے ،نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی گیارہویں نیشنل میڈیا ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو ہا ئبرڈ وار فیئر کا سامنا ہے ،ہم خطے میں روابط کے فروغ کیلئے افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں،مسئلہ افغان قیادت کا ہے ،ان کے مفادات بھارت سے ملے ہوئے ہیں ۔ اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا بھارت نے 5 اگست 2019 کو طاقت کے نشے میں مست ہوکر غیرقانونی طورپر مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہٹلر جیسا آمرانہ وجابرانہ قدم اٹھایا ۔شاہ محمود قریشی نے سلامتی کونسل کے صدر اور سیکر ٹر ی جنرل اقوام متحدہ کو خط لکھا جس میں انہیں مقبوضہ جموں وکشمیر کی بگڑتی ہو ئی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنے نو آبادیاتی غیرقانونی قبضے کو مستحکم بنانے کے لئے 5 اگست 2019کے اقدامات کئے ،تمام بھارتی یک طرفہ اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔بھارت 5 اگست 2019کے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات واپس لے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں