افغانستان میں انسانی المیے سے بچنے کیلئے عالمی کوششوں کی ضرورت : آرمی چیف
آرمی چیف سے اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی ملاقات،بحرانوں کے موقع پر بروقت اقدامات کو سراہا ، پاکستان کیساتھ تعاون کو بہتر بنانے کیلئے کردار ادا کرینگے ، گرانڈی ، افغان صورتحال پر پاکستان کے کردار کی تعریف
لاہور (نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے گزشتہ روز اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے مہاجرین فیلیپو گرانڈی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، افغانستان کی موجودہ صورتحال اور انسانی بنیادوں پر معاونت میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے افغانستان میں انسانی و پناہ گزینوں کے بحران کو روکنے کیلئے مربوط عالمی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ آرمی چیف نے اقوام متحدہ کی بنیادی اقدار کو فروغ دینے اور بحرانوں کے موقع پر بروقت اقدامات میں یو این ایچ سی آر کے کردار کو بھی سراہا۔ معزز مہمان نے پاکستان کی جانب سے گزشتہ چار دہائیوں سے 40 لاکھ افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کا اعتراف کیا، انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی سمیت موجودہ افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور ہر سطح پر پاکستان کیساتھ تعاون کو مزید بہتر بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔