اختلاف ہوسکتا ہے مگر یہ نہیں کہ کوئی قیادت پر سوال اٹھائے : مریم نواز

اختلاف ہوسکتا ہے مگر یہ نہیں کہ کوئی قیادت پر سوال اٹھائے : مریم نواز

آج کوئی عمران خان نہیں بننا چاہتا ،40 سال سے ملک میں نوازشریف کے سوا کوئی لیڈ رنہیں :اجلاس سے خطاب ، جب تک اداروں کو ٹھیک نہیں کیا جائے گا ،مہنگائی ہو گی،نواز شریف ، 30 دن میں تنظیم سازی مکمل کریں، احسن اقبال

لاہور(اپنے سیاسی رپورٹر سے ) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ 30سال سے اختلافات کی باتیں سن رہے ہیں ،یہ دشمن کا پروپیگنڈا ہے اس پر کان نہیں دھریں،یہ جمہوری جماعت ہے کسی کو بھی اختلاف ہو سکتا اس کا یہ مطلب نہیں کہ کوئی کھڑا ہو کر قیادت پرسوال اٹھائے ۔جب قیادت کی بات آتی ہے تو پھر سب نواز شریف اور شہباز شریف پر متفق ہیں یہ بات انہوں نے بہاولپور ڈویژن کے تنظیمی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہی ۔مسلم لیگ(ن) کے قائد نوازشریف کی زیر صدارت بہاولپور ڈویژن کا تنظیمی اجلاس گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون لاہورمیں ہوا ،اجلاس میں مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز،سیکر ٹری جنرل احسن اقبال ،صدر پنجاب رانا ثنائاللہ،سردار اویس لغاری،سعود مجید ،بلیغ الرحمن ،خرم دستگیر ،پرویز رشید،ریاض پیرزادہ، چودھری نور الحسن تنویر،عظمیٰ زاہد بخاری،نزہت صادق سمیت دیگرتنظیمی عہدیداروں اور ایم پی اے ایم این ایز نے شرکت کی۔ اجلاس میں بہاولپور سٹی کے سیکرٹری اطلاعات امجد شاہین کے انتقال پر دعائے مغفرت کرائی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ظلم و زیادتی کے باوجود نوازشریف کے ولولے میں کمی نہیں آئی۔جیلیں برداشت کیں پیشیاں برادشت کیں ۔میں نوازشریف پر اس لیے نہیں کہ وہ میرے والدہیں میں ان کے بیانیے پر ایمان لائی ہوں۔چالیس سال سے نوازشریف کے سواپاکستان میں کوئی لیڈر نہیں ۔ نوازشریف چار نسلوں کے لیڈر ہیں۔نوازشریف حق اور سچ کے ساتھ ہیں۔مشرف دور میں بھی نوازشریف جیل میں رہے ۔الحمد للہ نوازشریف آج بھی ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں ۔ظلم کو سہنا بھی ظلم ہے ۔آج کوئی بھی عمران خان نہیں بننا چاہتا ۔ الیکٹرانک مشینیں اپنی شکست کے خوف سے لانے کی باتیں کی جارہی ہیں کیونکہ دشمن آپ کی طاقت کو پہچانتا ہے لیکن آپ اپنی طاقت کو نہیں پہچانتے ۔ پارٹی قائد نواز شریف نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں ہمیں اللہ تعالیٰ نے فتح سے نوازا ہے ،جب تک اداروں کو ٹھیک نہیں کیا جائے گا ملک میں ایسے ہی مہنگائی ،بیروزگاری اور لاقانونیت ہو گی،جو شخص اپنی بات پر قائم نہیں رہتا یوٹرن کو فخر سمجھتا ہے اس کے دور حکومت کو کو ئی بہتر دور نہیں کہہ سکتا،آنے والا وقت ہمارا ہے اس لیے محنت اور پارٹی کو مضبوط کرنا ہوگا،انہوں نے چینی میں ہاتھ ڈالا تو وہ پچاس روپے سے بڑھ کر سو روپے سے اوپر چلی گئی،ابھی تو انہوں نے بنی گالہ کی رسیدیں بھی دینی ہیں،پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ تمام ڈویژنل عہدیداروں کو 30دن کا وقت دیا ہے ، تمام ڈویژن تیس دن میں تنظیم سازی مکمل کریں،طبقے اور عمر کا لازمی خیال رکھیں،35سال سے کم عمر افراد کو زیادہ نمائندگی دیں،پنجاب کے صدر رانا ثنائاللہ نے کہا کہ حکومت سیاسی مخالفین کی آوازوں کو دبانے کی پوری کوشش کررہی ہے ۔ن لیگ کے رہنما خرم دستگیر نے کہا کہ ملک کے جو حالات ہیں وقت کی ضرورت ہے کہ پارٹی کو منظم کیا جائے ،تمام پارٹی عہدیدار پارٹی کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔رانا تنویر نے کہا کہ یہ فاشٹ حکومت ہے اس سے ملک نہیں چل سکتا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں