مقبوضہ کشمیر کے آزاد نہ ہونے کی وجہ ہمارے حکمران:سراج الحق

مقبوضہ کشمیر کے آزاد نہ ہونے کی وجہ ہمارے حکمران:سراج الحق

کشمیری میدان کارزار میں سالہاسال سے کھڑے ،حکمرانوں نے ذمہ داری پوری نہیں کی ، سید علی گیلانی حریت پسندوں کے سرخیل تھے ، امیر جماعت کا تعزیتی ریفرنس سے خطاب

اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے آزاد نہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے حکمرانوں نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی، کشمیری میدان کارزار میں سالہاسال سے کھڑے ہیں، ان کی ہمتیں جوان اور حوصلے پہاڑوں سے بھی بلند تر ہیں،سید علی گیلانی حریت پسندوں کے سرخیل تھے ،وزیراعظم کشمیرپر تھرڈ آپشن کا حوالہ دیتے ہیں جو امر یکا کا دیا ہوا آئیڈیا ہے ، سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف بھی اسی طرح کی ہی باتیں کرتے تھے ،واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کشمیرپر کسی سودے بازی کی اجازت نہیں دیں گے ، پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے ،ان تمام حکمرانوں کا احتساب ہو گا جنہوں نے کشمیر کاز سے بے وفائی کی،جب تک ہماری گردنوں پر سر ہیں، کشمیر کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے ،سید علی گیلانی کی سوانح حیات کو نصاب تعلیم کا حصہ بنایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے اسلام آباد میں عظیم رہنما سید علی گیلانی کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دیگر مقررین میں نائب امرا جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، میاں اسلم، سابق سفیر عبدالباسط، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر خالد محمود شامل تھے ۔ مقررین نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے میں کردار ادا کرے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں