ملک میں امن و ترقی کی مضبوط بنیاد رکھ دی :آرمی چیف

ملک میں امن و ترقی کی مضبوط بنیاد رکھ دی :آرمی چیف

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کا دورہ ،طلبہ کو ڈگریوں اور میڈلز سے نوازا

لاہور (نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یونیورسٹی کے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، مختلف شعبوں میں گریجویشن کرنیوالے طلبہ کو ڈگریوں اور میڈلز سے نوازا۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے چانسلر گورنر پنجاب چودھری سرور بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا ملک میں امن و ترقی کی مضبوط بنیاد رکھ دی۔انہوں نے ملک کے ذہین نوجوانوں کی صلاحیتیں نکھارنے میں کردار پر یونیورسٹی کی فیکلٹی اور انتظامیہ کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا گورنمنٹ کالج یونیورسٹی جوکہ پاکستان کے تعلیمی اداروں کے تاج میں ایک نگینہ ہے نے ہمیشہ عالمی سطح کی شخصیات پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جنہوں نے اپنے متعلقہ شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ مقصد کو اپنا نصب العین بنائیں،محنت کے بل بوتے اور قائد اعظم کے ویژن کے مطابق نمایاں مقام کے حصول کی جدوجہد کریں۔ پاکستان کیلئے روشن مستقبل کی امید کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم ایک سخت جان قوم ہیں اور ہمارے نوجوان ہی ہمارا اصل اثاثہ ہیں، ہر طرح کی مشکلات کے خلاف عظیم قربانیاں دے کر ہم نے ملک میں امن و ترقی کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے ، اب پاکستان کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں ہمارے نوجوانوں کو اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں