راوی ریور منصوبہ : 6ہزار ایکڑ پر انڈسٹریل زون بنایا جائے گا : بزدار

راوی ریور منصوبہ : 6ہزار ایکڑ پر انڈسٹریل زون بنایا جائے گا : بزدار

تین بیراج تعمیر ہونگے ،6لاکھ کیوسک پانی ذخیرہ ہو گا،اجلاس سے خطاب ، ایم پی اے سلمان نعیم کی ملاقات ، ایئر وائس مارشل ظفر اسلم بھی ملے ،بارشوں کے باعث واسا اور انتظامیہ کو الرٹ کردیا ، وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ وزیر اعلیٰ بزدارنے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور منصوبے سے متعلقہ امور کو جلد از جلد نمٹایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کیلئے 44ہزار ایکڑ اراضی کا انتخاب کیاگیا ۔ 6ہزار ایکڑ اراضی پر انڈسٹریل زون بھی بنایا جائے گاجبکہ تین بیراج بھی تعمیر ہوں گے ۔تقریباً6لاکھ کیوسک پانی ذخیرہ کیا جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کے تحت 60لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی دبئی ایکسپو میں شوکیسنگ کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دریا کے کنارے بننے والا دنیا کاایک منفرد اورلاثانی منصوبہ ہے اوراس گیم چینجر منصوبے سے ترقی کا نیا باب رقم ہوگا ۔ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملتان سے رکن صوبائی اسمبلی سلمان نعیم نے ملاقات کی۔سلمان نعیم نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 360 ارب روپے کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج ہر ضلع کی یکساں ترقی کا آئینہ دار ہے ۔تاریخ میں پہلی بار منتخب نمائندوں کی مشاورت اور اضلاع کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر منصوبے شروع کئے ہیں۔ہم جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے ایک بار پھر شہروں اور تحصیلوں کے وزٹ کا آغاز کردیا اورجلد ملتان کا تفصیلی دورہ کروں گا۔ وزیراعلیٰ سے ایئر آفیسر کمانڈنگ، سینٹرل ایئر کمانڈ،پاکستان ایئر فورس،ایئر وائس مارشل ظفر اسلم نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان ایئر فورس کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کو سراہا۔وزیراعلیٰ نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کے باعث واسا اور انتظامیہ کو الرٹ کردیا ۔ عثمان بزدارنے ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کے جلد نکاس کو یقینی بنایاجائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں