سکیورٹی تھریٹ نہیں تھا، نیوزی لینڈ نے ٹوپی ڈرامہ کیا، ثبوت دینگے : وفاقی وزرا

سکیورٹی تھریٹ نہیں تھا، نیوزی لینڈ نے ٹوپی ڈرامہ کیا، ثبوت دینگے : وفاقی وزرا

تحقیقات مکمل کر لیں ،ہمارے امیج کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش کی گئی ،کہہ دیا تھا انگلش ٹیم بھی نہیں آئیگی،شیخ رشید ، ’ایبسلوٹلی ناٹ ‘کہیں گے تو قیمت چکانا پڑیگی ،کروڑوں کا نقصان ہوا، عدالت جانے کیلئے وکلا سے بھی بات کی ہے ،فواد

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزرا شیخ رشید اور فواد چودھری نے کہا ہے نیوزی لینڈ ٹیم کو کوئی سکیورٹی تھریٹ نہیں تھا، اس نے ٹوپی ڈرامہ کیا ،ساری تحقیقات مکمل کر لی ہیں ، ایک دو روز میں دنیا کو ثبوت دیں گے ، کرکٹ سیریز منسوخ ہونے سے کروڑوں کا نقصان ہوا، ہائبرڈ وار اور فیک نیوز ایک دوسرے سے باہم منسلک ہیں۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ٹی وی انٹرویو میں کہانیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو کوئی سکیورٹی تھریٹ نہیں تھا، نیوزی لینڈ ٹیم نے ٹوپی ڈرامہ کیا ہے ، پہلے دن سے ہم ان کے سارے ناز نخرے اٹھا رہے تھے ، وزارت داخلہ نے نیوزی لینڈ ٹیم کو جتنی سکیورٹی مہیا کی اتنی نیوزی لینڈ کی فوج نہیں ہے ، اداروں نے دورے کی منسوخی کے حوالے سے تحقیقات مکمل کر لی ہیں ،فواد چودھری اور میں ایک دو روز میں ثبوت دنیا کو دیں گے ، ہمارے امیج کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا برطانیہ میں بھی نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم کو سکیورٹی تھریٹ موصول ہوئی وہاں کا دورہ تو انہوں نے منسوخ نہیں کیا۔ شیخ رشید نے کہا نیوزی لینڈ کے دورہ منسوخی کے فیصلے کے بعد کہہ دیا تھا کہ انگلش ٹیم بھی نہیں آئے گی، انگلینڈ میں جتنا کورونا ہے اتنا پاکستان میں نہیں ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کرکٹ سیریز منسوخ ہونے سے کروڑوں کا نقصان ہوا، ہائبرڈ وار اور فیک نیوز ایک دوسرے سے باہم منسلک ہیں، جب ہم \"ایبسلوٹلی ناٹ \"( Absolutely Not )کہیں گے تو اس کی قیمت تو چکانا پڑے گی۔میڈیا کو بریفنگ میں وزیر اطلاعات نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے دورہ کے حوالے سے سوال پر کہا اس بارے میں وزیر داخلہ کے ساتھ مل کر میڈیا کو حقائق سے آگاہ کیا جائے گا کہ کس طرح فیک نیوز اور ہائبرڈ وار اس طرح کے معاملات سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف پی ٹی وی کو 20 سے 25 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے ، ہم نے اپنے وکلاسے بھی بات کی ہے کہ کس طرح اس معاملے کو عدالت میں لے کر جایا جا سکتا ہے ۔ دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورہ پاکستان کی منسوخی کے معاملے پر بیرونی سازشوں کا پردہ چاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔عمران خان نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کرکٹ ٹیموں کے دورہ کی منسوخی کے بعد سینئر وزرا سے مشاورت کی، ملاقات کے دوران وزیراعظم نے شیخ رشید اور فواد چودھری کو حقائق دنیا کے سامنے لانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ فیک اکاؤنٹس سے ای میلز، فیک نیوز سمیت تمام حقائق سامنے لائیں جائیں۔ دوسری طرف پاکستانی ہائی کمشنر نے نیوزی لینڈ کے اعلی ٰ حکام سے ملاقات کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے نیوزی لینڈ سے دورہ ملتوی کرنے کی وجوہات، تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان ملتوی کرنا انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے ، جس انداز میں دورہ ملتوی ہوا وہ غلط ہے ، کوئی تفصیلات شیئر نہیں کی گئیں، پاکستان کی پوزیشن بالکل واضح ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں