لاہورسمیت 6شہروں میں اضافی پابندیاں آج سے ختم : بازار ایک دن بند

لاہورسمیت 6شہروں میں اضافی پابندیاں آج سے ختم : بازار ایک دن بند

فیصل آباد ، ملتان ، سرگودھا ، گجرات،بنوں بھی شامل،رات10 بجے تک کاروبار ،مزارات،پارکس کھولنے کی اجازت ، کوروناسے مزید81جاں بحق،لاہور11سمیت پنجاب میں42اموات، ڈیلٹا اور ایپسیلون وائرس کے کیسز میں اضافہ

اسلام آباد،لاہور(نیوزرپورٹر،دنیانیوز،نمائندہ دنیا،ہیلتھ رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹرسے ) لاہورسمیت 6شہروں میں اضافی پابندیاں آج سے ختم ہوجائینگی،دیگراضلاع میں فیصل آباد ، ملتان ، سرگودھا ، گجرات،بنوں شامل ہیں۔بازار دوکے بجائے ایک دن بندرہیں گے ۔ رات10 بجے تک کاروبارکی اجازت ہوگی۔ این سی اوسی نے مزارات اور پارکس کھولنے کی اجازت بھی دیدی۔ دوسری جانب کورونا سے مزید81افرادجاں بحق ہوگئے ،لاہورمیں11سمیت پنجاب میں42اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ملک میں ایک ہزار 897 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔پنجاب میں ڈیلٹا اور ایپسیلون وائرس کے کیسز میں بھی اضافہ ہورہاہے ۔تفصیل کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر(این سی او سی )نے کوروناوائرس کے پھیلائو میں کمی کے بعد6اضلاع سے اضافی پابندیاں آج سے ختم کرنے کافیصلہ کیاہے ۔ملک بھرمیں ایس اوپیز 30 ستمبر تک برقرار رہیں گے ۔ وفاقی و زیر منصوبہ بندی ، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی صدارت میں این سی او سی کا اجلاس ہوا ۔این سی او سی نے کوروناوائرس کے زیادہ پھیلائووالے اضلاع لاہور ، فیصل آباد ، ملتان ، سرگودھا ، گجرات اور بنوں سے اضافی پابندیاں ہٹانے کی منظوری دے دی۔ ملک بھر میں جاری پابندیوں کا جائزہ 28 ستمبر کو این سی او سی کے اجلاس میں ہوگا۔ 6اضلاع میں بازاررات 8 کے بجائے 10 بجے تک کھلے رہیں گے ۔ تفریحی مقامات،پارکس کو 50 فیصد گنجائش کے ساتھ کھولنے کی اجازت ہوگی۔ آؤٹ ڈور تقریبات میں ویکسین لگوانے والے 400 افراد ،ان ڈور شادی ہالز میں 200 افرادکوشرکت کی اجازت ہوگی۔ ان ڈور، آؤٹ ڈور ڈائننگ کی رات 12 بجے تک اجازت ہوگی۔ ہفتے میں دو کے بجائے ایک دن مارکیٹیں، بازار بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اجازت کے بعد ایک ماہ بعد لاہور،ملتان سمیت پنجاب کے 5شہروں کے 181 مزارات آج سے زائرین کیلئے کھول دئیے جائیں گے ۔ دوسری جانب ملک بھرمیں کورونا وائرس سے مزید81 افراد جاں بحق ہوگئے ، 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 897 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔گزشتہ روز لاہور میں کورونا سے 11 جبکہ صوبہ بھر میں 42 اموات رپورٹ ہوئیں۔ سیکرٹری عمران سکندر بلوچ نے کہاہے کہ صوبہ بھر سے 880 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔لاہور میں 439 ، راولپنڈی 57 ،فیصل آباد 32 ، ملتان 31 ،گوجرانوالہ میں 22 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ صوبہ بھر میں مثبت شرح 4.8 فیصد،لاہور میں 7.2 فیصد ریکارڈکی گئی۔ دوسری جانب لاہور میں ڈیلٹا اور ایپسیلون وائرس کے کیسز میں بھی اضافہ ہورہاہے ۔محکمہ صحت کے مطابق چوبیس گھنٹوں میں ڈیلٹا کے 12 جبکہ ایپسیلون کے 3 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ پنجاب میں ڈیلٹا وائرس کے 550 ،ایپسیلون وائرس کے 49 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں