میدان جنگ کے پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعاون ، ہم آہنگی ناگزیر : آرمی چیف

میدان جنگ کے پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعاون ، ہم آہنگی ناگزیر : آرمی چیف

سٹیٹ آف دی آرٹ سینٹر آف انٹی گریٹڈایئرڈیفنس بیٹل مینجمنٹ کا افتتاح، ایئر ڈیفنس کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف ، سینٹر فضائی جنگ میں موثر ہم آہنگی کیلئے مربوط ماحول دیگا،سمیلیٹر کمپلیکس کو نئے چیلنجز کے مطابق ڈھالا جا سکتا:بریفنگ

لاہور (نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سٹیٹ آف دی آرٹ سینٹر آف انٹی گریٹڈایئرڈیفنس بیٹل مینجمنٹ (سیاڈبام) کا افتتاح کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان نے آرمی چیف کو فضائی دفاع کی جنگ کی مینجمنٹ کے طریقہ کار اور نئے تعمیر شدہ سیاڈبام کے کام سے متعلق مکمل بریفنگ دی، پاک آرمی ایئر ڈیفنس جدید ترین اور ٹھیک ہدف کو نشانہ بنانے والے طویل رینج کے حامل مہلک ہتھیاروں کا نظام ہے ، سیاڈبام فضائی دفاع کی جنگ کے دوران اعلیٰ کمانڈ سے انفرادی ہتھیاروں کے نظام تک موثر ہم آہنگی کیلئے ایک مربوط ماحول فراہم کرے گا۔ مختلف حالات سے نمٹنے کی صلاحیت کی حامل فیسلٹی میں موجود سمیلیٹر کمپلیکس کو فضائی دفاع کی جنگ کے نت نئے چیلنجز اور پیچیدگیوں کے مطابق ڈھالا جا سکتا ہے ، پاک آرمی ایئر ڈیفنس جس نے گزشتہ چند سالوں کے دوران حیرت انگیز طور پر ترقی کی ، پاکستان کی فضائی حدود میں دشمن کی کسی بھی مہم جوئی سے نمٹنے کیلئے تیار ہے ، آْرمی چیف نے ایئر ڈیفنس کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے میدان جنگ کے پیچیدہ اور غیر واضح چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے زیادہ سے زیادہ تعاون، انضمام اور ہم آہنگی ناگزیر ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں