قوم صرف وسائل پرترقی نہیں کرسکتی :صد رعلوی

 قوم صرف وسائل پرترقی نہیں کرسکتی :صد رعلوی

کارپوریٹ سیکٹربرانڈپاکستان متعارف کرائے ، بزنس سمٹ سے خطاب ، سی پیک پرکام بندکرنیکاتاثرغلط:خالدمنصور،اب ترقی کامرحلہ:رضاباقر

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی،خصوصی رپورٹر،اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کوئی بھی قوم صرف وسائل کی بنیاد پر ترقی نہیں کرسکتی، قومیں اذہان کی روشن خیالی اور علم و شعور کی بنیاد پر ترقی کرتی ہیں، پاکستان نے اپنے سائنسدانوں کی ذہانت کے بل بوتے پر ایٹمی ملک کا درجہ حاصل کیا، کارپوریٹ سیکٹر کو دنیا میں برانڈ پاکستان متعارف کراناچاہیے ، پاکستان نے 40 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی میزبانی کی جبکہ مغربی ممالک بحیرہ روم میں پناہ گزینوں کو ڈوبنے دیتے ہیں اور انسانی حقوق کی نصیحت ہمیں کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں مقامی ہوٹل میں دو روزہ لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہمارے آس پاس جھوٹی خبروں کی یلغار نظر آتی ہے ، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی میں جھوٹی خبر بنیاد بنی، جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کیلئے فیک نیوز کا سہارا لیا جا رہا ہے ، ہم یہ سمجھ رہے تھے امر یکا ویتنام کی جنگ سے سبق سیکھ چکا ہوگا، چنگیز اور ہلاکو خان کے دور میں اتنے لوگ نہیں مارے گئے جتنے 20 ویں اور 21 ویں صدی میں مارے گئے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا دنیا میں مسئلہ کشمیر سے کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے لیکن اس کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ صدر مملکت نے کہا ملک میں آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں ترقی اور کامیابی کے وسیع مواقع موجود ہیں، ہمارے کارپوریٹ سیکٹر کو دنیا میں برانڈ پاکستان متعارف کرانا چاہئے لیکن یہ ضروری ہے کہ آپ کی زبان پر دنیا کو بھرو سا ہو ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور نے کہا غیر ملکی سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ، چینی کمپنیوں کو کچھ مسائل درپیش ہیں، متعلقہ وزارتوں کے ذریعے چینی کمپنیوں کے مسائل حل کریں گے ، سی پیک پر کام بند کرنے کا تاثر غلط ہے ۔ گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے کورونا پر قابو پایا گیا ہے ، دنیا کے مقابلے میں پاکستان میں کورونا کیسز کی رفتار کم ہے ، معاشی شرح نمو منفی سے 4فیصد ہوئی ہے ، اس کا مطلب ہے کہ لوگوں کی آمدن میں 4 فیصد اضافہ ہوا ہے ، آئی ایم ایف پروگرام کیلئے مشکل فیصلے لینا پڑیں گے ، نیٹ ذخائر قرضے لے کر نہیں بڑھا سکتے ، اب ترقی کا مرحلہ آگیا ہے ۔ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود کا کہنا تھا ہمارا ٹارگٹ یکساں تعلیم نصاب ہے ، اب ہر بچہ ایک جیسی تعلیم حاصل کرے گا، ہمیں ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے ، معیشت اگر چلے گی تو لوگوں کو ملازمت اور خوراک ملے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا افغانستان میں بھارت نے بڑی انویسٹمنٹ کی لیکن اس کی قسمت نے ساتھ نہیں دیا، افغانستان میں بھارت کا پیسہ ڈوب گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں