ووٹنگ مشین دھاندلی کا نیا طریقہ ہے :مریم نواز

ووٹنگ مشین دھاندلی کا نیا طریقہ ہے :مریم نواز

الیکشن کمیشن نے نالائقی کا اظہار کیا تو چڑھائی کردی، تحائف کا حساب دیناہو گا ، حکومتی پالیسی ہے نیب سے اپوزیشن کا کردار نکال دیا جائے :میڈیاسے گفتگو

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ، نیوز ایجنسیاں )مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ووٹنگ مشین دھاندلی کا نیا طریقہ ہے ،حکومت کی انتخابی اصلاحات غیر موثر ہیں ۔جس حکومت کی بنیاد ہی دھاندلی پر اس کا شفاف الیکشن سے کیا تعلق ہے ۔ عوام کو بد ترین مہنگائی اور مسائل کا سامنا ہے ۔ ن لیگ خاموش نہیں ، آواز اٹھا رہی ہے ۔ اتنی رسوائی کسی حکومت کو نہیں ملی ، تحائف آپ کا ذاتی یا خاندانی مال نہیں ،آپ کو جوا ب دینا ہو گا ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ آمد کے موقع پرکمرہ عدالت میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مریم نوازنے کہاکہ حکومتی پالیسی ہے نیب سے اپوزیشن کا کردار نکال دیا جائے اور حکومتی وزرا کے بھائیوں کو ڈال دیا جائے ،حکومت کا الیکٹرانک ووٹنگ کی بات کرنا دھاندلی کا ہی منصوبہ ہے ،حکومت کو چار سال بعد بھی دھاندلی کا سہارا لینا پڑ رہا ہے ، بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ عوام کو اپوزیشن کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے ، الیکشن کمیشن نے جب نالائقی کا اظہار کیا تو چڑھائی کردی،تاریخ میں اتنی رسوائی کسی کی نہیں ہوئی جتنی انکی ہوئی،وزیراعظم کی کرسی پر براجمان شخص کو میئر اسلام آباد کہا گیا،ہر سفارتی سطح پر حکومت کی نالائقی سامنے آرہی ہے ، اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کو روکنا ہوگا،جو آئین کو پاؤں تلے روندے اسکو روکنا ضروری ہے ، الیکشن اصلاحات سے دھاندلی کو نہیں روکا جاسکتا،جاوید لطیف نواز شریف کے سپاہی ہیں،جاوید لطیف کو نوٹس کا جواب دینا چاہیے ،انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو امیدوار بھی نہیں ملے گا، جب امیدوار نہیں ملے گا تو ووٹ کس کو ڈالیں گے ؟۔ نائب صدر نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے قبل عمران خان نے احتساب کا بھاشن دے کر لوگوں کے سر میں درد کردیا اور اب غیر ملکی دوروں میں ملنے والے تحائف پر بات ہوئی تو انہوں نے تفصیلات دینے سے انکار کردیا۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عدالت آتے ہوئے یہ مضحکہ خیز خبر سنی کہ نواز شریف کا کورونا ویکسین کا سرٹیفکیٹ بنا ہے ۔ لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت کی ویکسین کا ریکارڈ بھی جعلی ہے اور مجھے تشویش ہے کہ عالمی برادری اس پر برہمی کا اظہار کرے گی۔ قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیپٹن( ر)صفدر اور مریم نواز کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں میں مہلت کی استدعا پر مریم نواز کو آئندہ سماعت پر وکیل پیش کرنے کی ہدایت کردی۔عدالت نے سماعت6اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی۔ادھر قومی احتساب بیورو نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف مریم نواز اور صفدر کی اپیلوں پرروزانہ کی بنیاد پر سماعت کی درخواست دائر کردی۔نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی کی طرف سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست میں موقف اختیار کیاگیاہے کہ مریم نواز اور صفدر جان بوجھ کر اپیلوں کی سماعت میں تاخیر کررہے ہیں،لہذااپیلوں پر روزانہ سماعت کرکے 30 روز میں فیصلہ کیا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں