الیکشن کمیشن جوبھی ووٹنگ مشین قبول کرے ہمیں اعتراض نہیں : شبلی فراز

الیکشن کمیشن جوبھی ووٹنگ مشین قبول کرے ہمیں اعتراض نہیں : شبلی فراز

ای وی ایم کی تمام چیزیں الیکشن کمیشن کودیدیں،ایک سورس کوڈ اور دوسرا مشین کاڈیزائن نہیں دیااور نہ دینگے ، اپوزیشن کے اعتراضات فرضی،بے بنیاد پراپیگنڈا اور مخالفت برائے مخالفت کررہی ہے ،وفاقی وزیر کی پریس کانفرنس

اسلام آباد (نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہاکہ الیکٹرانک مشین کے خلاف اپوزیشن بے بنیاد پراپیگنڈا اور مخالفت برائے مخالفت کررہی ہے ۔ ہم نے الیکشن کمیشن کو تمام چیزیں فراہم کردی ہیں صرف دو چیزیں نہیں دیں اور نہ دیں گے ۔ ایک سورس کوڈ اور دوسرا مشین کا ڈیزائن وہ ہم نہیں دیں گے ۔ گزشتہ روز ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا گزشتہ کچھ ہفتوں سے قیاس آرائیاں ہورہی ہیں ،کچھ سنی سنائی ، کچھ ذہنی اختراع سمیت دیگر کہ حکومت بضد ہے کہ ای وی ایم کا استعمال ہو، ای وی ایم میں ایسی چیزیں ڈال دی گئی ہیں کہ حکومت اثرانداز ہونا چاہتی ہے ،ایسی باتوں سے عوام کو فائدہ نہیں ہورہا۔اس ملک میں انتخابات کے بعد تنازعات ملک کی جمہوریت کیلئے نقصان دہ ہیں ۔ انتخابات کو غیر متنازعہ بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے ۔ ہم نے مشین کا ڈیمو وزیراعظم ، چیئرمین سینیٹ ، سپیکر قومی اسمبلی ، خیبر پختونخوا ، چیمبرز آف کامرس اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو دکھایا تھا ۔ اپوزیشن جماعتوں کو بھی ای وی ایم کو پرکھنے کی دعوت دی تھی لیکن بدقسمتی سے اپوزیشن نے اس مشین کو نہیں دیکھا بلکہ یہ تاثر دیا کہ مخالفت برائے مخالفت کریں گے ۔وفاقی وزیرنے کہا الیکشن کمیشن نے ای وی ایم کے حوالے سے ایک ٹیکنیکل کمیٹی بنائی ،ای وی ایم کے ذریعے ایک آئیڈیا دیا ضروری نہیں کہ یہ ہی مشین استعمال کی جائے ،الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں باہر سے بھی منگوائی جا سکتی ہیں، مشینیں حاصل کرنا الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ ہے ۔انہوں نے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین الیکشن پراسس کا نیوٹرل ایمپائر ہے اس مشین سے ضروری نہیں کہ ہمارے ووٹ بڑھ جائیں ۔میری الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر ٹیکنیکل ٹیم کی میٹنگ کرے ۔الیکشن کمیشن جو بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین سلیکٹ کرنا چاہتا ہے کرے اور ٹینڈرکرے ۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے اعتراضات فرضی ہیں مشین کا ڈیمو کرتے ہیں تو اپوزیشن انکار کرتی ہے جیسے وہ مشین کا بٹن دبائیں گے تو کرنٹ لگے گا ہم نے ایک ماڈل دینا تھا دے دیا ہے تاہم اس مشین کو نہ قبول کرے مگر کانسپٹ کو تو مانیں۔ ہم نے الیکشن کمیشن کے تقاضوں کے مطابق چیزوں کو ووٹنگ مشین میں سمو دیا۔ ہمیں وقت ضائع کئے بغیر آگے بڑھنا ہوگا۔شبلی فراز نے کہا یہ مشین الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت کے مطابق بنائی گئی ہے ، الیکشن کمیشن کے 37 اعتراضات میں سے 27 نکات کا تعلق الیکشن کمیشن کی استعدادکار سے متعلق ہے جبکہ دس مشین کے بارے میں ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں