بدترین مہنگائی سے عوام کی چیخیں ، مسئلہ نمائشی اجلاسوں سے نہیں ٹھوس اقدامات سے حل ہوگا : شہباز شریف

بدترین مہنگائی سے عوام کی چیخیں ، مسئلہ نمائشی اجلاسوں سے نہیں ٹھوس اقدامات سے حل ہوگا : شہباز شریف

تمام اشیا مہنگی کر کے وسائل جمع کرنا بدترین ظلم ،مہنگائی کی ذمہ دار حکومتی چوریاں ، غلط معاشی اقدامات نے بیروزگاری کو جنم دیا ،قوم حکومت سے نجات کی دعائیں مانگ رہی ، ہمارے دور میں 52روپے کلو ملنے والی چینی کی قیمت میں 52روپے اضافہ کردیا،35روپے کلو آٹا 75روپے سے اوپر پہنچا دیا گیا ، یہ ہے نیا پاکستان:صدر مسلم لیگ ن

لاہور، اسلام آباد ( اپنے سیاسی رپورٹر سے ، سیاسی رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا بدترین مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں، مسئلہ نمائشی اجلاسوں سے نہیں ٹھوس اقدامات سے حل ہوگا، ہوشربا مہنگائی میں اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے انہو ں نے مزید کہا کہ سبزی، مصالحہ جات سے لے کر عوام کی خوراک کی تمام بنیادی اشیا مہنگی کر کے وسائل جمع کرنا بدترین ظلم ہے ،معاشی تباہی، بے روزگاری اور بدترین مہنگائی کی ذمہ دارنااہل حکومت اور اس کی چوریاں ہیں،بدترین مہنگائی میں کمی بے فائدہ اور نمائشی اجلاس بلانے سے نہیں ٹھوس اقدامات سے ہی ممکن ہے ۔ہمارے دور میں 52 روپے فی کلو ملنے والی چینی کی قیمت میں حکومت نے 52 روپے سے زائد اضافہ کیا، یہ ہے نیا پاکستان ۔ ہمارے دور میں 35 روپے فی کلو ملنے والے آٹے کو حکومت نے 75 روپے سے اوپر پہنچا دیا۔انڈے ، گوشت، مرغی، دال، گھی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔حکومت کے مسلسل غلط معاشی اقدامات نے معاشی تباہی، بے روزگاری اور مہنگائی کو جنم دیا۔پوری قوم ظالم حکومت کے ظلم سے نجات کی دعائیں مانگ رہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں