وزیراعلیٰ سرمایہ کار سہولت سینٹر کا افتتاح : سرمایہ کاروں کو اعلی حکام تک براہ راست رسائی ہوگی : بزدار

وزیراعلیٰ سرمایہ کار سہولت سینٹر کا افتتاح : سرمایہ کاروں کو اعلی حکام تک براہ راست رسائی ہوگی : بزدار

سرمایہ کارباعزت طریقے سے کاروبار شروع کر سکیں گے ،سرخ فیتہ راہ میں حائل نہیں ہوسکے گا ، قیدیوں کیلئے اخبارات کی فراہمی کا حکم ، ترقی وخوشحالی میں دیہی خواتین کا کلیدی کردار، عالمی دن پرپیغام

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے ملکی وغیرملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ’’وزیراعلیٰ سرمایہ کار سہولت سینٹر ‘‘ کا افتتاح کر دیا ۔ اس ضمن میں 90 شاہراہ قائداعظم پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہاپنجاب کو سرمایہ کاری کے نئے دور میں داخل کرنے کیلئے ہم زیرو این او سی کی پالیسی لا رہے ہیں ،تاجر، صنعت کار اور سرمایہ کار باعزت طریقے سے آسانی کے ساتھ نہ صرف کاروبار شروع کر سکیں گے بلکہ اسے ترقی بھی دے سکیں گے ،سرمایہ کاری سہولت سینٹر کے قیام سے سرمایہ کاروں کو متعلقہ اداروں کے اعلیٰ سرکاری حکام تک براہ راست رسائی حاصل ہوگی اور کوئی سرخ فیتہ سرمایہ کاری کی راہ میں حائل نہیں ہوسکے گا، اسی پالیسی کے تحت\"چیلنج فیشن\"کو کاروبار کیلئے 2 ہفتے کی قلیل مدت میں این او سی جاری کر دیا گیا ۔انہوں نے کہانوجوانوں کیلئے روزگار اور چھوٹے قرضوں کی فراہمی کیلئے بینک آف پنجاب کے اشتراک سے 30 ارب روپے کے پنجاب روزگار پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے ،پنجاب حکومت نومبر میں دبئی ایکسپو میں صوبے کی ثقافتی اور تجارتی \"شو کیسنگ\"کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے چیف ایگزیکٹو آفیسر \"چیلنج فیشن مس کیرن کو این او سی کا لیٹر بھی دیا،صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے کہا صوبے میں 9 سپیشل اکنامک زونز قائم کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے جیلوں کی بیرکس میں قیدیوں کیلئے اخبارات کے اجراء کا حکم دے دیا ۔ وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اورسیکرٹری اطلاعات کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بیرکس میں قیدیوں کیلئے اخبارات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ عثمان بزدارنے دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا دیہی معیشت کی ترقی میں خواتین کا کردار قابل ستائش اورکلیدی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں