شہباز ، مریم سے امریکی ناظم الامور کی الگ الگ ملاقاتیں

شہباز ، مریم سے امریکی ناظم الامور کی الگ الگ ملاقاتیں

باہمی دلچسپی ،خطے میں امن، افغانستان کے حوالے سے بات چیت ، افغانستان کے عوام کی مدد کیلئے دنیا کو کردار ادا کرنا ہوگا ، مریم نواز

اسلام آباد ،لاہور (سیا سی رپورٹر)مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر نے الگ الگ ملاقات کی۔شہباز شریف سے ظہرانے پر ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، علاقائی صورتحال اور خطے میں امن، خصوصی طور پر افغانستان کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔اینجلا ایگلر نے شہباز شریف کی پنجاب میں بطور وزیر اعلیٰ خدمات کو سراہا۔ ملاقات میں نواز شریف کی قیادت میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور مسلم لیگ ن کے دور میں معاشی ترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔ادھر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوازشریف سے بھی پاکستان میں امریکی ناظم الامور نے جاتی امرا رائیونڈ میں ملاقات کی،اینجلا ایگلر کی آمد پر مریم نواز نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں دو طرفہ دلچسپی کے امور، پاکستان امر یکا تعلقات ،عالمی وعلاقائی امن وسلامتی، افغانستان کی صورتحال، خواتین اور بچوں کے حقوق، تعلیم وصحت اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ مریم نواز نے نوازشریف اور پارٹی کی جانب سے نومنتخب صدر جوبائیڈن اور ان کی حکومت کو مبارکباد،پاکستان کے عوام کی طرف سے خیرسگالی کا پیغام دیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ افغانستان کو اپنا قریبی ہمسایہ سمجھتے ہیں اور اس کی خودمختاری کا احترام کرتے ہیں۔افغانستان میں کسی مداخلت کے حامی نہیں۔ افغانستان کے عوام کی انسانی مدد کے لئے پوری دنیا کو کردار ادا کرنا ہوگا۔امریکی ناظم الامور نے انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے مریم نوازشریف کی خواتین،بچوں، ذرائع ابلاغ اورانسانی حقوق کے لئے جدوجہد کو سراہا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں