پنجاب حکومت :سالانہ 8ارب78کروڑ کا پٹرول استعمال

پنجاب حکومت :سالانہ 8ارب78کروڑ کا پٹرول استعمال

سیکرٹریز ، کمشنرز سمیت دیگر افسران کے پٹرول استعمال کرنیکی کوئی حد مقرر نہیں ، وزرا کا 450لٹر ماہانہ پٹرول ، یہ دیکھنا ہوگا فیول کا استعمال کیسے ہوتاہے:حسان خاور

لاہور(رپورٹ:محمد حسن رضا سے )پنجاب میں وزیراعلیٰ، صوبائی وزرا، پارلیمانی سیکرٹریز، سپیکر ، گورنر،چیف سیکرٹری، آئی جی،سیکرٹریز، کمشنرز،ڈپٹی کمشنر ، پولیس افسران اور بیوروکریسی کے زیر استعمال سرکاری گاڑیوں، پروٹوکول کے لئے سالانہ 8ارب 78کروڑ 99لاکھ روپے کا پٹرول استعمال کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ، رواں مالی سال میں پٹرول کی مد میں تقریبا 9ارب 88کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ رکھا گیا ہے ،یہ بجٹ 2017میں 7ارب 19لاکھ روپے کے قریب تھا، جو بڑھ کر اب تقریبا 10 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے ، صوبائی وزرا ، سول و پولیس بیوروکریسی اور دیگر افسران کے گھرو ں میں زیر استعمال سرکاری گاڑیوں میں استعمال ہونے والا پٹرول بھی سرکاری خزانے سے استعمال کیا جاتا ہے ۔ صوبائی وزرا کا ساڑھے چار سو لیٹر ماہانہ پٹرول ہے ، دیگر پراجیکٹ اور محکموں سے بھی زیر استعمال گاڑیوں کا پٹرول لیا جاتا ہے ۔ سیکرٹریز ، کمشنرز سمیت دیگر افسران کے پٹرول استعمال کی کوئی حد مقرر نہیں، بعض صوبائی وزرا کے زیراستعمال 2 سے 3 سرکاری گاڑیاں ہیں، پنجاب کے سیکرٹریز کے زیر استعمال 3 گاڑیاں ہیں، چھوٹے افسران کے زیر استعمال بھی 2 گاڑیاں ہیں، پی ایم آئی یو، پی ایم یو، پراجیکٹ، کمپنیز، اتھارٹیز کی گاڑیوں کو بھی بعض حکومتی عہدیدار اور افسران مبینہ طورپر اپنے لئے استعمال میں لاتے ہیں،جن کا ماہانہ پٹرول دیگر سرکاری سیکشن سے لیکر استعمال کیا جاتا ہے ۔ پنجاب کے محکموں میں پٹرول کی مد استعمال ہونے والے بجٹ کی تفصیلات کے مطابق ہیلتھ سروسز کو پٹرول کی مد میں گزشتہ برس 25کروڑ 84لاکھ روپے دئیے گئے تھے جبکہ رواں مالی سال میں 28کروڑ 33لاکھ روپے کا بجٹ رکھا گیا ، اسی طرح پبلک ہیلتھ میں گزشتہ برس 4کروڑ 56لاکھ 78ہزار رکھے گئے لیکن استعمال 4کروڑ 78لاکھ روپے ہوئے اوررواں مالی سال کے لئے 4کروڑ 79لاکھ روپے کا بجٹ رکھا گیا۔ انوائرمنٹ میں ایک کروڑ 18لاکھ ، محکمہ زراعت میں 38کروڑ 69لاکھ، فشریز میں 3کروڑ 10لاکھ ، ویٹرنری 35کروڑ 86لاکھ ، کوآپریشن 92لاکھ روپے جبکہ گزشتہ سال 1کروڑ 2لاکھ روپے خرچ ہوئے ۔ انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کے لئے 2کروڑ 29لاکھ روپے گزشتہ سال استعمال ہوئے جبکہ رواں سال 2کروڑ 44لاکھ روپے رکھے گئے ، اسی طرح دیگر محکمہ جات جس میں شماریات ، لیبر کورٹ، ڈی جی پاپولیشن ، لاہور آرٹس کونسل، پنجاب کونسل آف آرٹس، پبلک ریلیشنگ سمیت دیگر کے لئے 14کروڑ 81لاکھ گزشتہ سال پٹرول کی مد میں استعمال ہوئے ہیں جبکہ رواں مالی سال بڑھا کر 17کروڑ 13لاکھ روپے کردیئے ۔ مواصلات نے گزشتہ سال 9کروڑ 39لاکھ روپے خرچ کئے جبکہ رواں مالی سال میں 10کروڑ 85لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، اسی طرح دیگر محکمہ جات جس میں ریسکیو سروسز اور دیگر چند محکمے آتے ہیں انکے لئے 1ارب 31کروڑ 3لاکھ گزشتہ سال رکھے گئے تھے جبکہ رواں مالی سال میں ایک ارب 24کروڑ 81لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ سول ڈیفنس میں سالانہ 2کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں، آبپاشی اور لینڈ ری کیمپلیشن کے لئے 31کروڑ 15لاکھ ، صوبائی اسمبلی ایک کروڑ 20لاکھ ، وزیراعلیٰ آفس سالانہ 3کروڑ ، وزیر اعلیٰ کے ہیلی کاپٹر کے لئے سالانہ تقریبا تین کروڑ روپے ، ڈپٹی کمشنرز اور ان کے ماتحت افسران کے زیر استعمال سرکاری گاڑیوں کے لئے سالانہ 10کروڑ روپے ،کمشنرز اور ان کے دفتر میں موجود افسران اور عملے کے زیر استعمال گاڑیوں کیلئے ایک کروڑ 80لاکھ روپے سالانہ خرچ ہورہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ میں موجود افسران اور دیگر کاموں کے لئے 3کروڑ 50لاکھ روپے ، ڈویژنل ایڈمنسٹریشن پر موجود افسران اور دیگر انتظامات کے لئے تین کروڑ 2لاکھ ،محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے لئے گزشتہ برس 10کروڑ 53لاکھ روپے رکھے گئے جبکہ رواں مال سال 10کروڑ 50لاکھ روپے رکھے گئے ۔ایس اینڈ جی اے ڈی ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب اور انکے چند ماتحت افسران اور دفتر کیلئے 3کروڑ روپے رکھے گئے ہیں ، داخلہ کے لئے 2کروڑ 5لاکھ ، ہیلتھ 2کروڑ 63لاکھ ، پرائمری اینڈ سیکندری ہیلتھ ایک کروڑ 81لاکھ ، جنوبی پنجاب پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پٹرول کی مد میں ایک کروڑ 86لاکھ روپے رکھے گئے ، وزیراعلیٰ مانیٹرنگ فورس کے لئے 6کروڑ 31لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، ایڈمنسٹریشن آف جسٹس کے اکائونٹس سے اہم شخصیات کی گاڑیوں اور پروٹوکول گاڑیوں کے استعمال کے لئے 16کروڑ 95لاکھ روپے رکھے گئے تھے لیکن اس سے کہیں زیادہ 48کروڑ 28لاکھ روپے گزشتہ برس خرچ کئے گئے ہیں جبکہ رواں برس 18کروڑ 92لاکھ روپے صرف پٹرول کی مد میں رکھے گئے ہیں جو کہ استعمال میں لائے جارہے ہیں، اسی طرح پولیس کو پٹرول کی مد میں 4ارب 60کروڑ 86لاکھ روپے گزشتہ سال دئیے گئے تھے جبکہ رواں مالی سال پٹرول کی مد میں پولیس کو 4ارب 2کروڑ 6لاکھ روپے دئیے گئے ہیں۔ سپیشل برانچ کو 17کروڑ 70لاکھ روپے کا پٹرول کا بجٹ دیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے کہ یہ دیکھنا ہوگا کہ فیول کا استعمال کیسے کیا جاتا ہے اور کہا کہ مزید معلومات حاصل کرکے جواب دے سکتا ہوں لیکن مزید ان کی جانب سے رات تک کوئی جواب نہ دیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں