شان رحمت للعالمین ؐ منانے کی شاندار روایت کو آگے بڑھائیں گے : بزدار

 شان رحمت للعالمین ؐ منانے کی شاندار روایت کو آگے بڑھائیں گے : بزدار

6 بڑی یونیورسٹیوں میں سیرت چیئر کے تحت محققین کو ریسرچ کیلئے معاونت فراہم کی جائے گی، کانفرنس سے خطاب ، اپوزیشن منفی سیاست کی خاطر ملکی مفادات سے کھیل رہی، حسان خاور سے گفتگو،سکولز کرکٹ چیمپئن شپ کا فائنل دیکھا

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ علما اور مشائخ کا احترام ہماری روایات کا حصہ ہے ، شان رحمت للعالمینؐ منانے کی شاندار روایت کو مزید آگے بڑھائیں گے ۔ وہ مقامی ہوٹل میں محکمہ اوقاف کے عشرہ شان رحمت للعالمینؐ کے سلسلے میں عالمی مشائخ و علما کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا رحمت للعالمینؐ سکالرشپ کو ایک ارب روپے تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، غازی یونیورسٹی ڈی جی خان، اوکاڑہ یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد، یونیورسٹی آف چکوال اور بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں \\\"سیرت چیئر\\\" قائم ہوچکی ہے ۔ سیرت چیئر کے تحت محققین کو ریسرچ کے لئے معاونت فراہم کی جائے گی۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہو ں کہ آئندہ ہر برس عشرہ شانِ رحمت للعالمینؐ پہلے سے زیادہ تزک و احتشام سے منایا جائے گا۔ کانفرنس کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے سیرت طیبہ پر کتابیں لکھنے اور نعت خوانی کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں نقد انعامات اور ایوارڈز تقسیم کئے ۔ عثمان بزدار سے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا اپوزیشن بے بنیاد پراپیگنڈا کرکے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی۔ اپوزیشن صرف اپنی منفی سیاست زندہ رکھنے کی خاطر ملکی مفادات سے کھیل رہی ہے ۔ ان عناصر کو یاد رکھنا چاہئے کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ وزیراعلیٰ نے قذافی سٹیڈیم سینٹرل پنجاب سکولز کرکٹ چیمپئن شپ کا فائنل میچ دیکھا۔وزیراعلیٰ نے جیتنے والی ٹیم کے کپتان کو ٹرافی اور نقد انعام دیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں