پی ڈی ایم مردہ ہاتھی ،بلاول دل دا جانی 7 خون معاف :شیخ رشید

پی ڈی ایم مردہ ہاتھی ،بلاول دل دا جانی 7 خون معاف :شیخ رشید

وزیرداخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن احتجاج کی بجائے ملک و قوم پر رحم کرے ،مہنگائی پر جلد قابو پالیا جائیگا

اسلام آباد،راولپنڈی(نیوزرپورٹر، نیوز ایجنسیاں ) مریم نواز کی طرف سے حساس اداروں پر چوک چوراہوں میں جو الزامات لگائے جا رہے ہیں، اس کے دیر پااثرات ہوں گے ،وہ اپنے لئے گڑھا خود کھود رہی ہیں، بلاول دل کا جانی ہے ، وہ کہہ سکتا ہے ، اس کو 7 سیاسی خون معاف ہیں،افغانستان کے لئے 31 دسمبر تک ویزا فیس ختم کررہے ہیں ،اب ویزا آن لائن ہوگا، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے مزار کو ان کی بیٹی کی جانب سے دیئے گئے نقشے کے مطابق تعمیر کیا جائے گا۔ پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہاکہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر زبردست انتظامات کئے گئے ہیں، 120 کلومیٹر تک چراغاں کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ قیدیوں کو تین ماہ کی معافی کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی تاہم سنگین نوعیت کے کیسز میں ملوث افراد اس معافی سے مستثنٰی ہوں گے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ افغان تاجروں کو 5 سال کا تجارتی ویزا جاری کیاجائے گا۔ہم افغانستان کے ساتھ ہیں لیکن دنیا کو بھی ساتھ ہوناچاہیے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ایک مراہوا سیاسی ہاتھی ہے ۔ گزشتہ دسمبر میں ہمیں الوداع کہہ رہی تھی اب اگلا دسمبر بھی آ گیا ۔ پی ڈی ایم سے گزارش کروں گا کہ کنویں کے مینڈکوں کی سیاست کا دور ختم ہو گیا اب گہرے پانیوں کی سیاست کا دور ہے ۔ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت کی خوش قسمتی ہے کہ ان کو تھکی ہوئی اپوزیشن ملی ۔ اپوزیشن کا ٹائم پاس نہیں ہو رہا ، اسی وجہ سے وہ حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کا سوچ رہی ہے ۔ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ شیخ رشید احمد نے پی ڈی ایم والوں کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں ، پلگوں میں کچرا ہے ، ضلع کے لحاظ سے کیا جلوس نکالیں گے ۔اس سوال پر کہ مولانا فضل الرحمن، بلاول بھٹو زرداری یا مریم نواز میں سے کون خطرناک ہے ؟ کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میرے خیال میں تو ان میں ڈنک ہی نہیں خطرناک کیا ہونا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں