بغیر پروٹوکول مختلف علاقوں کا دورہ : بزدار لاہور میں ناقص صفائی پر برہم ، یونیورسٹی اساتذہ کیلئے الاؤنس منظور

بغیر پروٹوکول مختلف علاقوں کا دورہ : بزدار لاہور میں ناقص صفائی پر برہم ، یونیورسٹی اساتذہ کیلئے الاؤنس منظور

حضرت محمد ؐ کے مبارک قدم سے دنیا کی کایاپلٹ گئی،مختصرترین عرصے میں مثالی معاشر ے کی بنیاد رکھی، میلاد پر خطاب ، پلاک میں خطاطی نمائش کا افتتاح ، ریڈیو پر لائیو گفتگو، قیدیوں کیلئے خصوصی کھانے ،بے سہارا بچیوں کیساتھ وقت گزارا

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا اور ناقص صفائی پر اظہار برہمی کیا، انہوں نے یونیورسٹی اساتذہ اور عملے کیلئے الائونس کی بھی منظوری دی ، حضرت محمد ؐ کے میلاد کی خوشی میں وزیراعلیٰ آفس 8 کلب روڈ کی جامع مسجد میں محفل ہوئی، وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا نبی کریم ؐ کی ولادت با سعادت کی بابرکت گھڑیاں کائنات کے قیمتی ترین لمحات ہیں،بارہ ربیع الاول کی افضل ترین صبح ازلی سعادتوں اور ابدی مسرتوں کے خوبصورت نور نے پوری دنیا کو منور کر دیا ۔حضرت محمد ؐ کے قدم مبارک سے نہ صرف سرزمین عرب بلکہ پوری دنیا کی کایا پلٹ گئی،آپ ؐ نے مختصر عرصے میں انقلاب آفریں اصلاحات کر کے ایک مثالی معاشر ے کی بنیاد رکھی۔ دریں اثنا عثمان بزدار نے خود گاڑی چلا کر اکیلے ہی فیروز پور روڈ،ٹاؤن شپ،جوہر ٹاؤن،گارڈن ٹاؤن،فیصل ٹاؤن،کالج روڈ،اکبر چوک اوردیگر علاقوں میں صفائی کے انتظامات کا مشاہدہ کیا اور بعض علاقوں میں صفائی کی صورتحال بہتر نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کا حکم دیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے قذافی سٹیڈیم میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج،آرٹس اینڈ کلچر(پلاک) کا دورہ کیا ،انہوں نے عشرہ شان رحمت للعالمینؐ کی مناسبت سے خطاطی کی نمائش کا افتتاح کیا،جس میں 100سے زائدکیلی گرافی کے فن پارے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے میورل پینٹنگ میں گہری دلچسپی کا اظہارکیااوراسلم کمال کے تخلیقی فن کو سراہا،عثمان بزدار کوایک آرٹسٹ نے کلمہ طیبہ لکھ کر پاکستان کے نقشے کی تصویر پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے پلاک کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ایف ایم 95پنجاب رنگ ریڈیو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سامعین سے لائیو گفتگو کی،کالرز نے وزیراعلیٰ سے شعر سنانے کی فرمائش کی ، وزیراعلیٰ نے کہا زمانہ طالب علمی میں شاعری سے شغف رہا اور بہت کچھ پڑھا،اب سرکاری مصروفیت کی وجہ سے شعر و شاعری کے مطالعہ کیلئے فرصت نہیں ملتی،وزیراعلیٰ کو براہ راست سن کر سامعین نے خوشگوار حیرت کااظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ایف ایم 95 پنجاب رنگ ریڈیو کے بعد نان کمرشل ٹی وی نشریات کا بھی جلد آغاز کیا جائے گا، مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے اپنی فیملی کے ہمراہ کاشانہ ویلفیئر ہوم کابھی دورہ کیاجہاں مقیم بچیوں کے ساتھ انہوں نے عید میلاد النبیؐ کے پرمسرت لمحات گزارے ۔انہوں نے بچیوں کوکپڑے ، مٹھائی اوردیگر تحائف دئیے ،بچیوں کی فرمائش پر وزیراعلیٰ نے مری کے تفریحی دورے کا اعلان کیااورکہا کہ جلد آپ سرکاری مہمان کی حیثیت سے مری کا دورہ کریں گی،آپ کولاہورکا مطالعاتی دورہ بھی کرایا جائے گا۔عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر تمام جیلوں کے قیدیوں کیلئے بھی خصو صی کھانے کا اہتمام کیاگیا۔ وزیراعلیٰ سے یونیورسٹیز کے وائس چانسلرزکے وفدنے بھی ملاقات کی،وزیر اعلیٰ نے یونیورسٹیز سے متعلقہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور یونیورسٹیز کے ملازمین او راساتذہ کیلئے ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس کی اصولی منظوری دینے کا اعلان کیا،انہوں نے کہا الاؤنس کے حوالے سے محکمہ خزانہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں