حکومت ڈینگی کنٹرول کیلئے موثراقدمات اٹھائے :پرویزالٰہی
روز بروز صورتحال خراب ہو رہی،صوبے میں فی الفورسپرے کرایا جائے ، گفتگو ، وبا کے خاتمے ،ریسرچ سیل کے تبادلہ کیلئے تیار ہیں،صدرسارک سرجیکل کیئر
لاہور(سیاسی رپورٹرسے )قائم مقام گورنرپنجاب پر ویزالٰہی نے کہاہے کہ موجودہ حکومت کو ڈینگی وائرس بروقت کنٹرول کرنا چاہئے تھا،سارے پنجاب میں فوری سپرے شروع کروائیں،قائم مقام گورنر پنجاب سے پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید کی سربراہی میں صدر سارک سرجیکل کیئر سوسائٹی پروفیسر لاماوانسے نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی،وفد میں پروفیسر باونتھے گیماج ،سیکرٹری جنرل سارک سرجیکل کیئر سوسائٹی اور پروفیسر فاروق افضل صدر سوسائٹی آف سرجنز لاہور شامل تھے ۔ اس موقع پر گفتگو میں پرویزالٰہی نے کہاکہ کورونا کے بعد اب ڈینگی نے اپنے پنجے گاڑھ لیے ہیں،روز بروز ڈینگی کی صورتحال خطرناک ہوتی جا رہی ہے حکومت کوموثر اقدامات کرنے چاہیے تھے تاکہ ڈینگی وبا کے بڑھتے ہوئے مرض کو کنٹرول کیا جا سکے اور قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ سری لنکا نے ڈینگی وائرس کو بروقت کنٹرول کیا،پاکستان کو بھی سری لنکا کی ریسرچ سے فائدہ اٹھانا چاہئے ،اپنے ماہرین کو سری لنکا بھجوائیں تاکہ پنجاب بھی اس موذی مرض سے نجات حاصل کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کر سکے ۔پروفیسر لاماوانسے کا کہناتھا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تعلقات ہمیشہ مثبت رہے ہیں،ڈینگی وبا کے خاتمے اور ریسرچ سیل کے تبادلہ کیلئے تیار ہیں،سری لنکا پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔