مہنگائی کے باعث عام آدمی کی مشکلات سے آگاہ، منافع خوروں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رہیگا: عمران خان

مہنگائی کے باعث عام آدمی کی مشکلات سے آگاہ، منافع خوروں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رہیگا: عمران خان

پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال،عوامی ریلیف کے اقدامات میں تیزی لائیں،پنجاب میں منصوبے بروقت مکمل ،پارٹی میں اختلافات ختم کریں :وزیراعظم ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں یونیورسٹی کی منظوری ،دورہ لاہور پر مہنگائی، ضمنی الیکشن پر اجلاس،گورنر،وزیراعلیٰ کی ملاقات،آج سے سعودی عرب کا سہ روزہ دورہ

اسلام آباد،لاہور(وقائع نگار،سیاسی رپورٹر سے ،اکنامک رپورٹر،دنیا نیوز)وزیراعظم عمران نے کہا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کی تکلیف سے پوری طرح آگاہ ہیں، منافع خوروں،ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈائون جاری رہے گا۔ عمران خان نے دورہ لاہور پر ایوان وزیراعلیٰ میں مختلف اجلاسوں کی صدارت کی ،گورنر سرور، وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور دیگرنے ملاقاتیں کی ،وزیراعظم کو مہنگائی، امن و امان کی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریف کیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی اور آئی جی پنجاب راؤ سردار علی بھی اس ملاقات میں شریک ہوئے ،عمران خان نے کہا حکومت پائیدار اقدامات کر کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے ، مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے ضلع اور تحصیل کی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کی گئی ہیں،وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پنجاب میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں تاکہ عوام کو سہولت ہو، عوام کے فائدے کیلئے تمام عوامی فلاحی منصوبوں کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے گا، قانون سب کیلئے برابر ہے ، قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ وزیر اعظم کی زیرصدارت اجلاس میں حلقہ این اے 133 کے ضمنی الیکشن پر مشاورت بھی ہوئی، عمران خان کو آد ھ گھنٹہ حلقے کی سیاسی عوامی صورتحال اور انتخابی مہم پر بریفنگ دی گئی ،متعلقہ حلقے کے پارٹی رہنمائوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے تین سالوں میں حلقے کو نظر انداز کرنے کا شکوہ کیا اورکہاکہ عوامی مسائل کے حل کیلئے وہ سکیمیں اور فنڈز نہیں ملے جو حلقے کی ضرورت تھے ،اس موقع پر حلقہ کے ناراض رہنماؤں اور کارکنان سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا ،وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام رہنما آپس کے اختلافات ختم کریں اور متحدہوکر الیکشن لڑیں ۔پارٹی رہنمائوں کا کہناتھاکہ این اے 133 ضمنی انتخاب ایک سخت معرکہ ہے ،سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب جیسی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے ،وزیر اعظم نے پارٹی رہنمائوں کو ضمنی الیکشن میں کامیابی کیلئے بھرپور مہم چلانے کی ہدایت کی ، وزیر اعلیٰ پنجاب کو تمام امور کی نگرانی کی ذمہ داری سونپ دی گئی ۔وزیراعظم سے وزیراعلیٰ بزدار کی ون آن ون ملاقات بھی ہوئی، وزیراعلیٰ نے بلدیاتی اداروں کی فعالیت، آئندہ کے بلدیاتی نظام، عوامی ریلیف کیلئے کئے جانے والے اقدامات،صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، مہنگائی کی روک تھام اور دیگر حکومتی امور پر تفصیلی بریف کیا، وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب میں عوامی ریلیف پرفوکس ہے ، صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبو ں کاسلسلہ تیزی سے جاری ہے ، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام اداروں کو متحرک کرکے عوامی ریلیف کے اقدامات میں تیزی لائی جائے ،حکومت مختلف پروگرامز کے ذریعے کمزور طبقات کو ریلیف فراہم کررہی ہے ، وزیراعظم سے گورنرپنجاب نے بھی ملاقات کی، چودھر ی سرور نے جی ایس پی پلس میں توسیع کیلئے اپنے دورہ یورپ پربریفنگ دی ،گورنر سرور نے زرعی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو یونیورسٹی بنانے کی درخواست کی، جس کی منظوری دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو یونیورسٹی کے قیام کیلئے تمام فنڈز فراہم کر نے کی بھی ہدایت جاری کی،وزیرِ اعظم سے صوبائی وزیر بیت المال سید یاور عباس بخاری بھی ملے ، ملاقات میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار بھی شریک ہوئے ،وزیراعظم کو پنجاب میں جاری عوامی فلاح کے مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی، وزیر اعظم نے پسماندہ طبقے کی فلاح کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم سے صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی ملاقات کی ،پنجاب میں صحت کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور ہیلتھ کارڈز کے اجراکے حوالے سے پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، کووڈ ویکسی نیشن مہم اور ڈینگی کے حوالے سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی،وزیراعظم نے میانوالی اور اٹک میں ماں اور بچے کے ہسپتالوں اور حکومت کی جانب سے ذہنی صحت کے اقدامات پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔وزیر جنگلات محمد سبطین خان کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم نے صوبے میں جنگلات و شہری آبادیوں میں شجرکاری کے ذریعے درختوں کی تعداد بڑھانے اور موجودہ جنگلات و درختوں کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑ نے اصلاحات پر وزیراعظم کو بریفنگ دی اورکہا یہ ریفارمز پورا نظام تبدیل کر دینگی ، دیہی مراکز مال ، گرداوری ، روزنامچہ کو ڈیجیٹلائزکیا جارہا ہے ، لال کتاب کی ڈیجیٹلائزیشن ، پٹواری کی بھرتی ، ریونیو اکیڈمی بنانے کا منصوبہ ہے ، عمران خان نے اصلاحات کو سراہا اورکہا کہ ریفارمز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔ادھر ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر آج بروز ہفتہ سعودی عرب جائیں گے جہاں وہ مشرق وسطیٰ گرین اقدام کے اجرا کی تقریب میں شرکت کریں گے ،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور کابینہ کے دیگر ارکان بھی ہمراہ ہونگے ،وزیراعظم سربراہ اجلاس میں موسمیاتی تغیر سے ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجز پر بھی بات کریں گے ، سعودی قیادت کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی جبکہ سعودی عرب کے بڑے سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات اور پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملیں گے ، وزیر اعظم سعودی عرب میں تین روز قیام کریں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں